امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس کی پریس سیکریٹری کیٹی ملر میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس سے ایک روز قبل وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار میں وائرس کی تصدیق کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
وائٹ ہاؤس کے اہلکاروں میں پے درپے وائرس کی تصدیق کے بعد وائٹ ہاؤس میں کرونا سے بچاؤ کے انتظامات پر سوالیہ نشان لگ گئے ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سیکریٹری ملر اُن کے ساتھ رابطے میں نہیں تھیں، البتہ وہ نائب صدر سے ملتی رہی ہیں، اور وہ نائب صدر سے اس دوران ملتے رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ وہ وائٹ ہاؤس میں وائرس کے پھیلاؤ پر فکر مند نہیں ہیں۔ البتہ حکام نے وائٹ ہاؤس میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں۔
کیٹی ملر صدر ٹرمپ کے قریبی مشیر اسٹیفن ملر کی اہلیہ ہیں، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اُن کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا ہے یا نہیں۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کو کرونا سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
Your browser doesn’t support HTML5
ٹیسٹ مثبت آنے سے ایک روز قبل کیٹی ملر کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ صدر ٹرمپ کا اس پر کہنا تھا کہ "یہی وجہ ہے کہ میں کہتا ہوں کہ ٹیسٹنگ کا تصور مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہے۔ کیٹی کے بارے میں کہا گیا کہ اُن میں کرونا نہیں ہے، لیکن پھر اچانک اُن کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔"
اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں تعینات امریکی فوجی اہلکار کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کا کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جو منفی آئے تھے۔
وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف مارک میڈوز کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس محفوظ ترین جگہ ہے، لیکن پھر بھی وہ صدر اور نائب صدر کو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے مزید حفاظتی اقدامات کر رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم مزید احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں اور یہ صرف صدر اور نائب صدر کے لیے ہی نہیں بلکہ وائٹ ہاؤس کے پورے اسٹاف کے لیے ہے۔
سیکریٹری ملر میں وائرس کی تصدیق کے بعد وائٹ ہاؤس کے چھ اہلکاروں کے ٹیسٹس کیے گئے جو منفی آئے ہیں۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس سے اب تک 77 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں کرونا کے 12 لاکھ 83 ہزار سے زائد مصدقہ کیس ہیں۔