چین مین سمندری طوفان کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 28 ہو گئی

People holding umbrellas wade through floodwaters amid heavy rainfall on a street after Typhoon Lekima made landfall in Ningbo, Zhejiang province, China, Aug. 10, 2019.

چین کے مشرقی علاقوں میں سمندری طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے جب کہ 20 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق طوفان سے آمدورفت کا نظام درہم برہم جب کہ 10 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کر دیا گیا ہے۔

لیکیما نامی طوفان سے سب زیادہ متاثر مشرقی صوبہ 'زیجیانگ' ہوا جہاں ہفتے کی صبح 187 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے لگیں۔

طوفان سے ہلاکتیں چین کے شہر وینزہو میں ہوئیں جہاں 130 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کے باعث قدرتی ڈیم کا بند ٹوٹ گیا۔

بند ٹوٹنے سے قریبی دیہات میں پانی داخل ہو گیا جس سے متعدد افراد ڈوب گئے۔

سرکاری خبر رساں ادارے 'ژن ہوا' کے مطابق طوفان کی شدت میں اب بدستور کمی آ رہی ہے۔

حکام کی جانب سے طوفان سے متعلق پیشگی وارننگ جاری کر دی گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اب شمالی کی جانب گامزن ہے تاہم اب اس کی شدت میں کمی آ گئی ہے۔ شنگھائی میں بھی ہفتے کے روز تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی جہاں نقصان سے بچنے کے لیے ایک روز کے لیے شنگھائی ڈیزنی لینڈ بند کر دیا گیا۔

خبر رساں ادارے 'ژن ہوا' کے مطابق طوفان کے باعث صوبہ شینڈونگ میں پیر تک 200 ٹرینیں ملتوی کر دی گئیں ہیں۔ حکام کے مطابق طوفان سے ہونے والی تباہی کے نتیجے میں اب تک 200 مکانات تباہ جبکہ ہزاروں ایکٹر اراضی کو نقصان پہنچا ہے۔