امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نےاس بات کی تصدیق کی ہے کہ اگلے چوٹی کے فوجی مشیر کے طور پر آرمی جنرل مارک مائلی کو نامزد کیا جائے گا، جو میرین جنرل جوزف ڈنفرڈ کی جگہ لیں گے۔
ہفتے کے روز صبح اپنے ایک ٹوئیٹ میں ٹرمپ نے کہا ہےکہ ''ہمارے ملک کی خدمت سر انجام دینے پر، میں دونوں ہی بہترین اشخاص کا شکرگزار ہوں۔ تبدیلی سے متعلق تاریخ کا بعد میں تعین ہوگا''۔
مائلی میدان جنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ان دنوں وہ 'چیف آف دی آرمی اسٹاف' کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں، جس عہدے پر وہ 2015ء میں فائز ہوئے تھے۔
مائلی نے متعدد بار عراق اور افغانستان میں افواج کی کمان سنبھال چکے ہیں۔ جوائنٹ چیفز آف اسٹاف کے چیرمین بننے سے پہلے سینیٹ سے توثیق کا عمل درکار ہوگا۔
پینٹاگان کے کچھ فوجی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اس عہدے کے لیے فضائیہ کے جنرل ڈیوڈ گولڈفائن بھی امیدوار ہیں، لیکن مزید بتایا ہے کہ مائلی کے صدر کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔
جمعے کے روز ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ اس ضمن میں وہ ہفتے کو اعلان کریں گے۔
اُنھوں نے یہ بات فلاڈیلفیا میں بَری اور بحریہ کی ٹیموں کے درمیان سالانہ فٹ بال میچ کی تقریب میں شرکت کے دوران کی۔