|
تائیوان کے صدر لائی چھنگ ۔ٹو نے تائیوانی سیمی کنڈکٹر مینیو فیکچرنگ کارپوریشن، ٹی ایس ایم سی ، کی جانب سے امریکہ میں مجوزہ 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے امریکہ اور تائیوان کے تعلقات کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا ہے ۔
تائیوان کے صدر نے مزید کہا کہ یہ اقدام امریکی حکومت کی جانب سے کسی دباؤ کا نتیجہ نہیں ہے ۔
تائیوان کے صدر اور ٹی ایس ایم سی کے چئیر مین سی سی وئے نے جمعرات کی سہ پہر تائپے میں تائیوان کے صدارتی دفتر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں نامہ نگاروں سے بات کی ۔
وئے نے کہا کہ ٹی ایس ام سی جب تائیوان سے باہر کسی مقام پر کوئی پروڈکشن لائن تعمیر کرتا ہے تو وہ ہمیشہ صارفین کی مانگ کی بنیاد پر کرتا ہے ۔
تائیوان کے صدر لائی چھنگ ٹو اور چپ کمپنی ٹی ایس ایم سی کے چئیر مین سی سی وئے تائپے میں چھ مارچ 2025 کو صدارتی دفتر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران، فوٹو رائٹرز
وئےنے کہا کہ ان کی کمپنی کی امریکہ میں تازہ ترین توسیع صارفین کی مانگ کی بنیاد پر کی گئی ہے اور یہ کہ اس کی پروڈکشن لائنز اگلے تین سال کے لیے پہلے ہی مکمل طور پر بک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ،’’جب کبھی ان کی کمپنی ٹی ایس ایم سی تائیوان سے باہر کسی مقام پر کوئی پروڈکشن لائن تعمیر کرتی ہے تو وہ ہمیشہ صارفین کی مانگ کی بنیاد پر کرتی ہے‘‘ ۔
ایک سو ارب ڈالر کی یہ سرمایہ کاری، امریکہ میں 65 ارب ڈالر تک کی اس سرمایہ کاری کے علاوہ ہے جس پر ٹی ایس ایم سی گزشتہ سال اپریل کے مہینے میں تیار ہو گئی تھی، جس کے تحت امریکہ کی مغربی ریاست ایریزونا میں چپ کے تین نئے پلانٹس ، چپ پیکیجنگ کی دو فیکٹریاں اور ایک ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر قائم کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
تائیوان کے صدر کے تبصرے اس کے دو روز بعد سامنے آئے ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں چپ کی کمپنی کی توسیع کا اعلان کیا تھا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ 3 مارچ 2025 کو تائیوان کی چپ بنانے والی کمپنی ٹی ایس ایم سی کی جانب سے امریکی چپ مینوفیکچرنگ میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان کی تقریب کے دوران کمپنی کے سی ای او سے مصافحہ کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے اس موقع پر کہا، ،’’ ہمیں چپس اور سیمی کنڈکٹر بنانے کے قابل ہونا چاہیے جس کی ہمیں یہاں ضرورت ہے ‘‘ انہوں نے مزید کہا،’’ یہ ہماری قومی سلامتی کا معاملہ ہے ۔‘‘
ٹی ایس ایم سی ، جو دنیا میں چپ بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ہے ، امریکہ کی ہارڈ وئیر بنانے والی کمپنیوں کو سب سے زیادہ چپ فراہم کرتی ہے ۔
پانچ نومبر کے انتخابات میں اپنی کامیابی کے بعد سے ٹرمپ نے روزگار پیدا کرنے کے لیے ملکی صنعتوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کی کوششوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔
ٹی ایس ایم سی کی جانب سے اس سرمایہ کاری کے اعلان سے قبل فروری میں ایپل کمپنی نے کہا تھا کہ وہ اگلے چار برسوں میں 500 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ امارات کے ارب پتی حسین سجوانی اور سوفٹ بنک نے بھی امریکہ میں کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے ۔