ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل

فائل فوٹو

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021 جو کہ بھارت میں 17 اکتوبر سے منعقد ہونا تھا۔ اس کی تیاریاں متحدہ عرب امارات میں شروع کر دی گئی ہیں۔ تاہم بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ انڈیا (بی سی سی آئی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی منتقلی کے حوالے سے باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ نہیں کیا ہے۔

کرکٹ کی ویب سائٹ 'ای ایس پی این کرک انفو' کی رپورٹ کے مطابق 16 بین الاقوامی ٹیموں کے درمیان اس ٹورنامنٹ کا آغاز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے فائنل کے دو روز بعد متحدہ عرب امارات میں ہو گا۔

آئی پی ایل کا فائنل 15 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

کرک انفو کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کا پہلا راؤنڈ دو گروپس پر مشتمل ہو گا جو متحدہ عرب امارات اور عمان میں کھیلا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے راؤنڈ ون میں بنگلادیش، سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ، نمیبیا، عمان اور پاپوا نیو گنی کے درمیان 12 میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے چار ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

پہلے راؤنڈ کے 12 میچز میں سے دونوں گروپس کی ٹاپ ٹو ٹیمیں 'سپر 12‘ مرحلے کے لیے اہل ہوں گی. جس میں یہ ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی ٹاپ آٹھ ٹیموں کے ساتھ ٹکرائیں گی۔

سپر 12 مرحلے کا آغاز 24 اکتوبر سے ہو گا جس میں 30 میچز کھیلے جائیں گے۔

SEE ALSO: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل ہو سکتا ہے: آئی سی سی

اس مرحلے میں چھ چھ ٹیموں پر مشتمل دو گروپس ہوں گے۔ جن کے درمیان دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں میچز کھیلے جائیں گے۔

بعد ازاں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں تین پلے آف، دو سیمی فائنل اور 14 نومبر کو فائنل کھیلا جائے گا۔

کرک انفو کے مطابق آئی سی سی نے یکم جون کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کہاں کھیلا جائے گا، اس حوالے سے رواں ماہ کے آخر تک حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ بھارت میں کرونا وبا کے پیش نظر 4 مئی کو آئی پی ایل کا ایونٹ ملتوی کر دیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ رواں برس ستمبر اور اکتوبر میں آئی پی ایل کے بقیہ میچز کی میزبانی متحدہ عرب امارات کرے گا۔