پاکستان اور بھارت کی حکومتیں سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گرو نانک دیو جی کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر رواں ماہ کرتار پور راہداری کا افتتاح کر رہی ہیں۔
پاکستان میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتری شریک ہوں گے۔
پاکستان کے صوبۂ پنجاب کے ضلع نارووال میں واقع گوردوارہ کرتار پور صاحب سے بھارتی سرحد تک جانے والی راہداری کی تعمیر پر بھارتی پنجاب کے کچھ علاقوں میں پاکستانی وزیرِ اعظم عمران خان کی تصاویر بھی آویزاں کی گئی ہیں۔
راہداری کی نو نومبر کو ہونے والی افتتاحی تقریب سے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرتار پور راہداری سے متعلق پیغامات اور ویڈیوز شیئر کی جارہی ہیں اور دنیا بھر میں آباد سکھ اس راہداری کے افتتاح پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر کی بعض ویڈیوز بھی شیئر ہوئی ہیں جہاں شاہراہوں پر ایسے پوسٹرز آوایزاں کیے گئے ہیں جن میں راہداری کی تکمیل پر پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان اور بھارت کے سابق کرکٹر اور موجودہ سیاست دان نوجوت سنگھ سدھو کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
ٹوئٹر پر ایک صارف غلام عباس شاہ نے امرتسر کی ایک ویڈیو ٹوئٹ کی ہے جس میں ایک بھارتی سکھ راہداری کی تکمیل اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں جب کہ ان کے پسِ منظر میں لگے ایک بورڈ پر عمران خان کی تصویر دیکھی جاسکتی ہے۔
ویڈیو میں ہرجیت سنگھ کہہ رہے ہیں کہ گرونانک کے جنم دن کے موقع پر اگر پاکستانی وزیرِ اعظم کی تصاویر امرتسر میں لگائی گئی ہیں، تو اس میں کوئی غلط بات نہیں۔
ایک اور ویڈیو میں امرتسر کے رہائشی جسپال کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزیرِ اعظم اور بھارتی کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو بہت ہی پڑھے لکھے لوگ ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے جس میں کچھ افراد امرتسر میں لگے پاکستانی وزیرِ اعظم عمران خان کے بینرز اتار رہے ہیں۔
دوسری طرف بعض بھارتی ٹوئٹر صارفین سکھوں کے لیے کھولی جانے والی کرتارپور راہداری کو پاکستان کی سازش بھی قرار دے رہے ہیں۔
میجر (ر) گورو آریا نامی ایک بھارتی تجزیہ کار نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ امرتسر میں وزیرِ اعظم عمران خان اور نوجوت سنگھ سدھو کے پوسٹرز دیکھے جاسکتے ہیں۔ ان کے بقول وہ ہمیشہ کہتے رہے ہیں کہ پاکستان بھارت میں خالصتان تحریک کو دوبارہ شہہ دینے کے لیے کرتارپور راہداری کھولنا چاہتا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت سے آنے والے سکھ یاتری سات نومبر کو گوردوارہ کرتارپور صاحب کی افتتاحی تقریب کے لیے نارووال جائیں گے۔ یاتری آٹھ نومبر کو مذہبی رسومات جب کہ نو نومبر کو راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔