خودکار ٹرک سے تین ہزار میل دور سامان پہنچانے کا کامیاب تجربہ

خودکار ٹرک کے ذریعے 40 ہزار پاؤنڈ پنیر کامیابی سے پہنچایا گیا۔

سلی کان ویلی کی ایک سٹارٹ اپ ٹرک کمپنی نے ایک خودکار ٹرک کے ذریعے 40000 ہزار پاؤنڈ وزن کا پنیر 2800 میل سفر کرنے کے بعد بحفاظت منزل مقصود پر پہنچا دیا۔

خود ڈرائیو کرنے والے ایک بھاری ٹرک کے ذریعے سامان کی کامیاب اور بحفاظت ترسیل کا یہ پہلا تجربہ ہے۔

پلس ڈاٹ اے آئی کمپنی نے بتایا ہے کہ کمرشل ٹرک پر سامان ریاست کیلی فورنیا کے شہر ٹولیر سے لادا گیا تھا جسے 2800 میل کے فاصلے پر ریاست پنسلوانیا کے شہر کیوکرٹاؤن پہنچا جس میں تین دن سے کم وقت لگا۔

پلس ڈاٹ اے آئی کمپنی نے تین سال پہلے اپنے کاروبار کا آغاز کیا تھا۔

کمپنی کے ایک عہدے دار نے میڈیا کو بتایا کہ ٹرک پر ایک ڈرائیور موجود تھا، جس کا کام ٹرک چلانا نہیں تھا بلکہ صرف ڈرائیونگ سیٹ پر اس لیے بیٹھنا تھا، تاکہ ایمرجینسی میں وہ ٹرک کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیے۔ تاہم، عہدے دار نے بتایا کہ 2800 میل سفر کے دوران ایک بار بھی ایسا موقع نہیں آیا کہ ڈرائیور کو اسٹیرنگ سنبھالنا پڑا ہو۔

ٹرک نے اپنا تمام سفر ہائی وے نمبر 15 اور 70 پر طے کیا جس پر عموماً کافی ٹریفک ہوتا ہے۔ سفر کے دوران ٹرک کو نہ صرف ایگزٹ لینے تھے اور اپنی لین وغیرہ کو تبدیل کرنا تھا بلکہ اپنے آگے کی گاڑی سے مناسب فاصلہ بھی رکھنا تھا اور لین تبدیل کرنے والی گاڑیوں پر بھی نظر رکھنی تھی۔ ٹرک کے خودکار نظام نے یہ تمام کام خوش اسلوبی سے سرانجام دیے۔

عہدے دار کا کہنا تھا کہ ٹرک میں ایک انجنیئر بھی سوار تھا تاکہ سسٹم میں کسی خرابی کی صورت میں وہ اسے درست کر سکے۔

کمپنی کے شریک بانی شیون کریگن نے بتایا کہ ہم اپنے اس تجربے کے ذریعے تحفظ، خودکار سسٹم پر بھروسے اور اس نظام کی پختگی کو جانچنا چاہتے تھے۔ ہمارا یہ تجربہ کامیاب رہا ہے۔

خودکار نظام کیمروں، ریڈار، اور لیزر ٹیکنالوجی پر مشتمل ہے جو ایک اس نظام کو معلومات فراہم کرتے ہیں اور اس نظام کا کمپیوٹر راستے، فاصلے اور رفتار کا تعین کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس نظام نے موسمی حالات کو پیش نظر رکھا اور رفتار اور آگے کی گاڑی سے فاصلے کا تعین بارش، دن اور رات کے تقاضوں کے مطابق کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ 2020 اور 2021 کے دوران خود کار ٹرک چلانے کے مزید تجربات کریں گے جس کے بعد 2022 سے کمرشل سامان کی ترسیل زیادہ تر خودکار ٹرکوں کے ذریعے ہی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملکی سطح پر 10 سے 15 کمرشل کمپنیاں خودکار ٹرکوں کے ذریعے سامان کی ترسیل میں دلچسپی لے رہی ہیں، جس سے توقع ہے کہ آئندہ برسوں میں اس شعبے میں ڈرائیونگ کے خودکار نظام پر انحصار بڑھ جائے گا۔