|
ویب ڈیسک _ممبئی میں اپنے گھر میں گھس آنے والے کے حملہ آور کے وار سے زخمی ہونے والے بالی وڈ اداکار سیف علی خان کے علاج کرنے والے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ڈاکٹرز نے جمعرات کو رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 54 سالہ سیف علی خان کو ریڑھ کی ہڈی، گردن اور ہاتھ پر زخم آئے ہیں اور علاج کے بعد اب وہ رو بہ صحت ہیں۔
سیف علی خان کی سرجری کرنے والے ڈاکٹر نتن ڈانگے نے بتایا کہ چاقو کے وار سے ان کی کمر کی ہڈی پر زخم آئے۔ سرجری کے بعد چاقو نکال لیا گیا ہے اور ان کی ریڑھ کی ہڈی سے ہونے والا بہاؤ بھی روک دیا گیا ہے۔
قبل ازیں باندرا کے اعلیٰ پولیس افسر نے تصدیق کی تھی کہ سیف کے گھر بدھ کی رات تقریباً ڈھائی بجے ڈکیتی کی کوشش کی گئی تھی۔
بھارتی نیوز ایجنسی 'اے این آئی' کے مطابق ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ بدھ کی شب پیش آیا جب چند نامعلوم افراد اداکار کی رہائش گاہ میں گھسے۔ اس دوران مزاحمت میں سیف زخمی ہو گئے۔
'اے این آئی' کے مطابق جب سیف نے صورتِ حال کو پُرسکون کرنے کی کوشش کی تو نامعلوم افراد مشتعل ہو گئے۔
اداکار کو فوری طور پر ممبئی کے لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی ایک سرجری بھی ہوئی۔
پولیس کے مطابق اپارٹمنٹ میں کام کرنے والی ایک ملازمہ پر بھی حملہ ہوا ہے جنھیں طبی امداد فراہم کی جاچکی ہے۔
سینئر پولیس افسر ڈکشٹ گیدام نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ پولیس نے حملہ آور کی شناخت کرلی ہے اور اس کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم ایک ہنگامی راستے کے ذریعے گھر میں داخل ہوا اور بظاہر اس کا مقصد ڈکیتی ڈالنا تھا۔
سیف علی خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر اپنے ردِ عمل میں فلمی ستاروں اور اپوزیشن رہنماؤں نے ممبئی میں سیکیورٹی بہتر کرنے کے لیے اقدامات پر زور دیا ہے۔
ممبئی بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں واقع ہے جہاں گزشتہ برس نومبر میں ہونے والے ریاستی الیکشن کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے حکومت قائم کی ہے۔
مہاراشٹر میں اپوزیشن کی جماعت نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے ترجمان کلائیڈ کراسٹو نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے: ’’اگر سیکیورٹی کا انتظام رکھنے والی ہائی پروفائل شخصیات پر ان کے گھر میں حملہ ہوسکتا ہے تو عام شہریوں کے ساتھ کیا کچھ ہوسکتا ہے؟‘‘
فلم اداکارہ پوجا بھٹ نے بھی باندرا میں پولیس کی نفری بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ممبئی کے مضافات میں باندرہ کے علاقے میں بھارت کی فلم انڈسٹری سے وابستہ کئی افراد کی رہائش ہے۔
اس خبر کے لیے رائٹرز سے بھی معلومات لی گئی ہیں۔