ساہیوال: زیادتی کے ملزم کی بہن کا نکاح متاثرہ خاتون کے شوہر سے

فائل

مقامی پولیس نے ’وائس آف امریکہ‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر کارروائی کرکے پنچایت کے سربراہ، نکاح خواں اور گواہان سمیت 10 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے پانچ ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے

چیچہ وطنی میں پنچائیت نے زیادتی کے مبینہ ملزم کی 14 سالہ بہن کا نکاح متاثرہ خاتون کے شوہر سے کر دیا۔

صوبہٴ پنجاب کے وسطی ضلع ساہیوال کی تحصیل چیچہ وطنی کی پولیس کے مطابق، گاؤں ایک سو چودہ سیون آر کی آبادی امیرپور کے رہائشی رفیق احمد پر الزام تھا کہ اس نے شادی شدہ خاتون سے زیادتی کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق، زیادتی کے مبینہ واقعہ پر مخالف فریق کے لوگ طیش میں آگئے اور چند افراد رفیق احمد کے گھر آئے اور اس کی 14 سالہ بہن کو اسلحہ کے زور پر پنچائیت میں لے گئے، جہاں مقامی زمیندار محمد شیر کے ڈیرہ پر لڑکی کا نکاح زبردستی مبینہ طور پر متاثرہ خاتون کے شوہر منیر احمد سے کرا دیا گیا۔

مقامی پولیس نے ’وائس آف امریکہ‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر کارروائی کرکے پنچایت کے سربراہ، نکاح خواں اور گواہان سمیت10 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے پانچ ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ پانچ دیگر ملزمان نے عدالت سے ضمانت لے لی ہے۔

واقعہ میڈیا میں رپورٹ ہوا تو وزیر اعلٰی پنجاب نے بھی اس کا نوٹس لے کر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال کو رپورٹ جمع کرانے کا کہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ چار دنوں میں پنچائیت کی نظر ہونے والا صوبہ پنجاب میں یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل، ملتان میں جولائی ہی کے مہینے میں دو لڑکیاں نام نہاد پہنچائیتی فیصلوں کی نظر ہو چکی ہیں۔