سندھ اسمبلی میں ایگزیکٹ کے خلاف تحریک التوا جمع

تحریک پی ٹی آئی کے رکن خرم شیرزمان نے پیش کی۔ بقول اُن کے، 'صرف جعلی ڈگریوں کا ہی معاملہ نہیں بلکہ ایگزیکٹ کے اور بھی کئی معاملات ہیں'

پاکستان تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں جعلی ڈگریاں جاری کرنے کے اسکینڈل میں ملوث آئی ٹی فرم ’ایگزیکٹ‘ کے خلاف تحریک التوا جمع کرادی ہے۔

تحریک پی ٹی آئی کے رکن خرم شیرزمان نے پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف جعلی ڈگریوں کا ہی معاملہ نہیں، بلکہ ایگزیکٹ کے اور بھی کئی معاملات ہیں۔

ادھر ایگزیکٹ کے کراچی آفس میں کئی گھنٹے تک ایف آئی اے کارپوریٹ سرکل کے حکام موجود رہے۔ انہوں نے جعلی ڈگریوں سے متعلق اسکینڈل کی تفتیش کی۔

فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کے حکام اور اس کی سائبر کرائم ونگ کی ٹیم کا یہ دوسرا دورہ تھا۔ حکام نے جعلی ڈگری اسکینڈل کے سلسلے میں مزید تحقیقات کے لئے کمپیوٹرز اور دیگر آلات کی جانچ پڑتال بھی کی۔

منگل کو بھی ایف آئی اے حکام نے کمپنی کے45 ملازمین کو زیر حراست لے کر مختلف الیکٹرونک آلات کی چانچ کی اور کچھ آلات کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ یہ تمام الیکٹرونک آلات فرانزک ٹیسٹ کے لئے بدھ کو لیبارٹری بھجوا دئیے گئے۔

بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کامران عطا اللہ نے بتایا کہ ’آفس سربمہر بندنہیں کیا جا رہا۔ لیکن، ان کی ٹیم تحقیقات مکمل ہونے تک 24 گھنٹے ایگزیکٹ کے دفتر میں موجود رہے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈیٹا جمع ہوتے ہی ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔