ایک 'چیٹوز' کی قیمت دو کروڑ 40 لاکھ روپے سے زیادہ

ویب ڈیسک — کیا آپ کوئی ایک اسنیک کو نیلامی میں خریدنے کے لیے سوا دو کروڑ پاکستانی روپے سے زیادہ خرچ کریں گے؟ زیادہ تر لوگوں کا جواب شاید ’نہیں‘ ہو۔ لیکن دنیا میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو بظاہر معمولی نظر آنے والی چیزوں کے لیے بے تحاشہ رقم خرچ کرتے ہیں۔

ایسی ہی ایک خریدار نے نیلامی میں ایک اسنیک کے لیے ہزاروں ڈالر ادا کیے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ویڈیو گیمز اور ٹی وی سیریز کے مشہور فرنچائز 'پوکیمون' کے کریکٹر 'چاریزارڈ' سے مماثلت رکھنے والا ایک 'چیٹو' لگ بھگ 88 ہزار ڈالرز میں فروخت ہوا ہے۔

امریکی ریاست نیو جرزی میں قائم گولڈ ان آکشن ہاؤس نے اپنی ویب سائٹ پر موجود لسٹ میں اس اسنیک کی فروخت شدہ مجموعی قیمت87 ہزار 840 ڈالر بتائی ہے جو لگ بھگ دو کروڑ 42 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد ہے۔

ویب سائٹ نے نیلامی کی تفصیل میں بتایا ہے کہ یہ ایک تین انچ لمبا فلیمن ہاٹ چیٹو ہے جو پوکیمون چاریزارڈ کی شکل میں ہے۔

اس کو ایک مخصوص پوکیمون کارڈ کے ساتھ ڈبے میں رکھا گیا ہے۔اس مخصوص چیٹو کو 'چیٹوزارڈ ' کا نام دیا گیا تھا۔

فلیمن ہاٹ چیٹوز ایک مسالے دار فلیور ہے جو مختلف ممالک میں مشہور ہے۔

نیلامی کی تفصیلات کے مطابق اس اسنیک کو ابتدائی طور پر سال 2018 سے 2022 کے درمیان 'فرسٹ اینڈ گول کلیکٹبلز 'کی جانب سے دریافت اور محفوظ کیا گیا تھا۔

لسٹنگ کے مطابق منفرد شکل کے اس چیٹو کے لیے 60 بولیاں لگائی گئی تھیں جس میں جیتنے والی بولی 72 ہزار ڈالر کی تھی جو خریدار کے پریمئم کے ساتھ مجموعی طور پر 87 ہزار 840 ڈالر بنتی ہے۔

آکشن سائٹ نے خریدار کی تفصیلات شیئر نہیں کی ہیں۔

اس رپورٹ کے لیے معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں۔