فلپائن میں سمندری طوفان کے خطرے کے پیش نظر چھ لاکھ سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہاگوپٹ نامی طوفان کا منبہ مشرقی صوبے سامار کے علاقے بورونگان سے 230 کلومیٹر ہے اور یہ ہفتہ کو مشرقی ساحلوں سے طرف بڑھ رہا ہے۔
طوفان خطرناک ترین درجے سے تو کم ہے لیکن پھر بھی یہ شدید موسلادھار بارشوں اور آندھی کا باعث بن سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ دس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے اور توقع ہے کہ اتوار کی صبح تک مشرقی یا شمالی صوبے تک پہنچ جائے گا۔ اس سے 195 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہے۔
نیشنل ڈیزازسٹر ایجنسی کا کہنا ہے کہ اب تک زیریں علاقوں کے دیہاتوں سے چھ لاکھ 16 ہزار افراد سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔
ایک عہدیدار کے مطابق لوگوں سے رضاکارانہ طور پر منتقل ہونے کا کہا گیا ہے کیونکہ ان علاقوں میں طوفان تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔
ہفتہ کو فلپائن ایئرلائنز اور سیبو پیسفک فضائی کمپنی نے ہفتہ کو ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں کے لیے لگ بھگ ایک سو پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
فلپائن کے اسی مشرقی علاقے میں تقریبا ایک سال قبل ایک طاقتور ترین سمندری طوفان "ہائین" آیا تھا جس کی وجہ سے سات ہزار سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً چالیس لاکھ بے گھر ہوگئے تھے۔
اب بھی لگ بھگ 25 ہزار افراد مشرق سامار اور لیئٹ نامی علاقوں میں خیموں میں زندگی گزار رہے ہیں۔