انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان، کراچی میں ہونے والا میچ ملتان منتقل

  • ابتدائی شیڈول کے مطابق ٹیسٹ میچز کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جانا تھے۔
  • چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف میچ ملتان منتقل کیا جا رہا ہے، پی سی بی
  • پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 15 سے 19 اکتوبر تک کراچی میں ٹیسٹ میچ کھیلا جانا تھا۔
  • نظر ثانی شیڈول کے بعد تین میچز کی سیریز کے ابتدائی دو میچز ملتان اور آخری ٹیسٹ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

ویب ڈیسک _ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان آئندہ ماہ تین ٹیسٹ میچز کے لیے انگلینڈ کی میزبانی کرے گا اور دونوں ٹیموں کے درمیان ابتدائی شیڈول کے مطابق ٹیسٹ میچز کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جانا تھے۔

تاہم پی سی بی نے جمعے کو جاری ایک اعلامیے میں بتایا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف میچ ملتان منتقل کیا جا رہا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 15 سے 19 اکتوبر تک کراچی میں ٹیسٹ میچ کھیلا جانا تھا۔

پی سی بی کے نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ سات سے 11 اکتوبر کو ملتان اور دوسرا میچ 15 سے 19 اکتوبر کو ملتان میں ہی ہو گا۔

سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 24 سے 28 اکتوبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ کے مطابق سیریز شیڈول میں معمولی ردوبدل کے باوجود کرکٹ بورڈ شائقین کی مدد کرنے اور اس دورے کو یادگار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

پاکستان نے حال ہی میں دو ٹیسٹ میچز کے لیے بنگلہ دیش کی میزبانی کی تھی۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں مہمان بنگلہ دیش نے نہ صرف پاکستان کو شکست دی بلکہ سیریز میں وائٹ واش بھی کیا تھا۔