رسائی کے لنکس

براہِ راست مجوزہ آئینی ترمیم کا مقصد صرف حکومت کو تحفظ دینا تھا: مولانا فضل الرحمان

ملتان میں پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ عدلیہ اور فوج کا احترام ہو، لیکن اداروں کو آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔

19:11

جسٹس منیب اختر تین رُکنی ججز کمیٹی سے باہر

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس کے مطابق دوسرے سینئر ترین جج جسٹس منیب اختر کو تین رکنی ججز کمیٹی سے باہر کردیا۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس کے مطابق فیصلے میں دوسرے سینئر ترین جج جسٹس منیب اختر تین رکنی ججز کمیٹی کے ممبر نہیں رہے۔

چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے جسٹس امین الدین خان کو کمیٹی رکن نامزد کردیا۔ جسٹس امین الدین خان سنیارٹی لسٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

18:54

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس ریکارڈ 82 ہزار کی سطح عبور کر گیا

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی دیکھی گئی اور جمعے کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 82 ہزار 74 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اس سے قبل جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 81 ہزار 459 پر بند ہوا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کے میکرو اکنامک انڈیکیٹرز میں کسی حد تک بہتری، مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں حالیہ کمی اور پھر آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے امکانات روشن ہونے کا اسٹاک مارکیٹ پر مثبت اثر پڑا ہے۔

بعض معاشی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکہ میں شرح سود میں چار سال بعد کی گئی کمی نے بھی صورتِ حال کو بہتر بنایا ہے اور سرمایہ کار مارکیٹ میں سرمایہ لگانے میں دلچسپی ظاہر کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چار ماہ بعد پاکستان کا کرنٹ اکاونٹ توازن مثبت ہونے اور ترسیلات زر میں اضافے کے ساتھ دنیا بھر میں بھی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی دیکھی گئی ہیں۔

17:43

فیصلہ کیا ہے افراد کے بجائے اداروں کی اصلاحات پر کام کریں گے: مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مجوزہ آئینی ترمیم کا مقصد صرف حکومت کو تحفظ دینا تھا۔ ابتدا میں حکومت ترمیم کا مسودہ دکھانے کو بھی تیار نہیں تھی۔

ملتان میں پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ افراد کے بجائے اداروں کی اصلاحات پر کام کریں گے۔ ہم نے حکومت پر واضح کر دیا تھا کہ ان ترامیم میں ساتھ نہیں دے سکتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ عدلیہ اور فوج کا احترام ہو، لیکن اداروں کو آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں مجوزہ آئینی ترمیم کے لیے اپنے اپنے ڈرافٹ پر کام کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

16:26

لاہور میں جلسے کی اجازت نہ دی تو جلسے کو احتجاج میں بدل دیں گے: عمران خان


سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ لاہور میں جلسے کی اجازت نہ دی تو اس جلسے کو احتجاج میں تبدیل کردیں گے۔ جلسہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔ لاہور میں ڈیڑھ سال سے جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا ہے۔

وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کو جیل میں موجود ذرائع نے عمران خان کی اس گفتگو کی تصدیق کی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جمہوریت تباہ کرنے کا مطلب آزادی ختم کرنا ہوتا ہے۔

سپریم کورٹ، جمہوریت اور آزادی کو بچانے کے لیے مینارِ پاکستان پر جلسہ ہوگا۔ ملک کی تاریخ میں پہلی حکومت ہے جو اتنی بے نقاب ہوئی ہے۔ جو یہ کر رہے ہیں یہ جمہوریت کی تباہی نہیں تو کیا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ مارشل لا میں بھی ایسا نہیں تھا جو اب کیا جا رہا ہے۔ آج لکیر کے ایک طرف جمہوریت اور دوسری طرف 'بوٹ کو عزت دینے' والے ہیں۔ قوم ایک طرف کھڑی ہے اور چھوٹا سا صاحبِ اقتدار طبقہ جمہوریت اور سپریم کورٹ کو اپنے اقتدار کے لیے تباہ کر رہا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG