رسائی کے لنکس

براہِ راست مجوزہ آئینی ترمیم کا مقصد صرف حکومت کو تحفظ دینا تھا: مولانا فضل الرحمان

ملتان میں پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ عدلیہ اور فوج کا احترام ہو، لیکن اداروں کو آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔

14:56

پولنگ بیگز کو نقصان پہنچانے کا معاملہ، الیکشن کمشنر سندھ سمیت تین افسران معطل

الیکشن کمیشن نے اسٹرانگ روم میں موجود مختلف پولنگ اسٹیشنز کے بیگز کو نقصان پہنچانے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے۔

الیکشن کمیشن کے جاری بیان کے مطابق 17 ستمبر کو کراچی میں پپری میں واقع الیکشن کمیشن کے اسٹرانگ روم کے تالوں کو توڑ کر مختلف پولنگ اسٹیشنز کے بیگز کو نقصان پہنچایا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے جب کہ چیف الیکشن کمشنر نےسندھ کے الیکشن کمشنر شریف اللہ سمیت تین افسران کو نااہلی اور بدنظمی کی بنیاد پر چار ماہ کے لیے معطل بھی کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نذر عباس، ڈائریکٹر وسیم احماد اور آر سی لاڑکانہ عبدالوحید شامل ہیں۔ کمیٹی تین دن میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ دے گی۔

14:20

وزیرِ اعظم اور وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ ترمیمی پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس منظور کر لیا

وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ ترمیمی پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس منظور کر لیا ہے جس سے چیف جسٹس کا سپریم کورٹ کے مقدمات مقرر کرنے میں اختیار بڑھ جائے گا۔

وزارت قانون نے گزشتہ روز آرڈیننس وزیراعظم اور کابینہ کو بھجوایا تھا۔ چیف جسٹس، سپریم کورٹ کا سینئر جج اور چیف جسٹس کا مقرر کردہ جج کیس مقرر کرے گا۔

اس سے پہلے قانون میں چیف جسٹس اور دو سینئر ترین ججوں کا تین رکنی بینچ مقدمات مقرر کرتا تھا۔ بینچ عوامی اہمیت اور بنیادی انسانی حقوق کو مدِنظر رکھتے ہوئے مقدمات کو دیکھے گا۔

ترمیمی آرڈیننس کے مطابق ہر کیس کو اس کی باری پر سنا جائے گا ورنہ وجہ بتائی جائے گی۔ ہر کیس اور اپیل کو ریکارڈ کیا جائے گا اور ٹرانسکرپٹ تیار کیا جائے گا۔

ترمیمی آرڈیننس کے تحت تمام ریکارڈنگ اور ٹرانسکرپٹ عوام کے لیے دستیاب ہوں گے۔

13:29

قومی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن تبدیل

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے نام لکھے گئے خط کے بعد قومی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن بھی تبدیل کر دی گئی ہے۔ تحریکِ انصاف کے 80 ارکانِ قومی اسمبلی کو سنی اتحاد کونسل کا حصہ قرار دے دیا گیا ہے۔

جمعے کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے نئی پارٹی پوزیشن جاری کی جس میں پی ٹی آئی ارکان کو سنی اتحاد کونسل کا رُکن ظاہر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے خط میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان رواں برس اگست میں پارلیمان سے منظور کیے گئے الیکشن ترمیمی ایکٹ کے تحت مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ کرے۔

خط میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے مخصوص نشستوں سے متعلق 12 جولائی کا فیصلہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم سے پہلے تھا۔ لہذٰا اس پر عمل درآمد اب ممکن نہیں ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 12 جولائی کو سنائے گئے فیصلے میں کہا تھا کہ انتخابی نشان ختم ہونے سے کسی سیاسی جماعت کا الیکشن میں حصہ لینے کا حق ختم نہیں ہوتا۔ پی ٹی آئی 15 روز میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے فہرست جمع کرائے۔ سپریم کورٹ کے 13 ججز میں سے آٹھ نے فیصلے کی حمایت جب کہ پانچ نے اختلاف کیا تھا۔

12:11

توہینِ مذہب کے مبینہ ملزم کی پولیس مقابلے میں ہلاکت، تحقیقات کے لیے انکوائری افسر مقرر

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سندھ کے علاقے میرپور خاص میں توہینِ مذہب کے مبینہ ملزم کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد کو انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا ہے۔

وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے میرپور خاص واقعے پر انسپکٹر جنرل سندھ پولیس سے رابطہ کیا تھا اور انہیں واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی رینک کا افسر نامزد کرنے کی ہدایت کی تھی۔

بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میرپور خاص کے علاقے سندھڑی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکٹر شاہ نواز کنبہار کی موت واقع ہوئی تھی جن کے خلاف 17 ستمبر کو توہینِ مذہب کا ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر شاہ نواز عمر کوٹ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں تعینات تھے جن پر توہینِ مذہب کا الزام لگنے کے بعد علاقے میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG