حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے: طاہر القادری

فائل

لاہور آمد پر، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا ہے کہ ’’جو حکومت پارلیمنٹ میں مسائل حل نہ کرا سکے، اسے حکومت میں رہنے کا حق نہیں‘‘

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ، ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ’’پارلیمان کی فعالیت اور حکومت کی عملداری کی صلاحیت ختم ہو چکی ہے‘‘؛ اور اُنھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ’’حکومت کو فی الفور مستعفی ہوجانا چاہیئے‘‘۔

منگل کی علی الصبح پاکستان آمد پر لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے، اُنھوں نے کہا کہ ’’دھرنا ختم نہ کرانے کے ساتھ ساتھ، حکومت مذاکرات میں بھی ناکام رہی۔ دراصل، حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے‘‘۔

ڈاکٹر قادری نے کہا کہ ’’اِس وقت ملک بڑی نازک صورتِ حال سے گزر رہا ہے۔ وزرا پولیس کی حفاظت میں اپنے گھروں پر بند ہیں‘‘۔

اُنھوں نے کہا ہے کہ ’’جو حکومت پارلیمنٹ میں مسائل حل نہ کرا سکے، اسے حکومت میں رہنے کا حق نہیں‘‘۔

عوامی تحریک کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ ’’حکومت کے زوال کا آغاز اُسی روز ہوگیا تھا جب سانحہٴ ماڈل ٹاؤن ہوا تھا‘‘۔