کوہستان: مسافر گاڑی برساتی نالے میں گرنے سے 10 افراد ہلاک

فائل فوٹو

خیبر پختونخوا کے پہاڑی ضلعے کوہستان (بالا) میں پل ٹوٹنے سے ایک مسافر گاڑی برساتی نالے میں گر گئی جس سے 10 افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے۔

جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب ہونے والے حادثے کے بارے میں ضلعی حکام کا کہنا تھا کہ حادثہ دور دراز علاقے کنڈیا کے گاؤں گڑوہ میں پیش آیا ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ مسافر گاڑی اس وقت نالے میں گری جب بارش کے باعث برساتی نالے میں شدید طغیانی تھی۔

واضح رہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی میں دو درجن سے زائد افراد سوار تھے۔ حادثے کے وقت اس علاقے میں شدید بارش بھی جاری تھی۔

مقامی افراد 24 مسافروں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں تاہم حکام کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

حکام کے مطابق حادثے کے فوری بعد مقامی لوگوں نے امدادی کارروائیاں شروع کرکے دو افراد کو زخمی حالات میں محفوظ مقام پر منتقل کیا جبکہ برساتی نالے سے چار افراد کی لاشیں بھی نکالی گئیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ رات کے اندھیرے کے باعث امدادی سرگرمیاں روک کر ہفتے کی صبح دوبارہ شروع کی گئیں۔

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت علی یوسف زئی کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی دور دراز علاقے میں پیش آیا ہے۔ 10 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ باقی کی تلاش جاری ہے ۔

شوکت علی یوسف زئی نے امکان ظاہر کیا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان اتوار کے روز متاثرہ علاقے کا دورہ کر سکتے ہیں۔

'وائس آف امریکہ' کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مسعود احسن نے بتایا کہ حادثے کے فوری بعد امدادی سرگرمیاں مقامی لوگوں نے شروع کر دی تھیں جبکہ سول انتظامیہ کے افسران کے ساتھ ساتھ پولیس بھی حادثہ کے مقام پر موجود ہے۔

مسعود احسن نے کہا کہ امدادی سرگرمیاں مکمل ہوچکی ہیں مگر ذرائع مواصلات نہ ہونے کے باعث مزید معلومات کا انتظار ہے۔

اطلاعات کے مطابق گاڑی میں سوار اکثر افراد کا تعلق ایک ہی گاؤں سے تھا۔ جن میں ایک ہی خاندان کے سات افراد بھی شامل ہیں۔