رسائی کے لنکس

قومی شاہراہ پر مسافر کوچ اور وین میں تصادم، چھ افراد ہلاک


فائل
فائل

کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر دو گاڑیوں میں تصادم میں چھ افراد ہلاک ہوگئے۔ حادثہ مسافر کوچ کے اوورٹیک کے باعث پیش آیا، پولیس نے مسافر کوچ کے عملے کو حراست میں لے لیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر لسبیلہ، مہراللہ بادینی نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ کراچی سے مسافر لے کر تربت جانے والی کوچ قومی شاہراہ پر وندر بازار کے قریب سامنے سے آنے والی ہائی روف سوزوکی وین سے ٹکرا گئی۔

ہائی روف وین میں سوار کراچی سے تعلق رکھنے والے تمام چھ افراد ہلاک ہوگئے اور سوزوکی میں فٹ سی این جی سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا اور آگ کے شعلوں نے مسافر کوچ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

انہوں نے بتایا کہ کوچ میں سوار بارہ مسافروں نے کھڑکیاں توڑ کر اپنی جان بچائی۔

بعد میں، فائربرگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بُجھا دی اور پولیس نے کوچ کے عملے کو حراست میں لے لیا۔

موقع پر موجود عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ بس میں ایران سے غیر قانونی طریقے سے لائے جانے والے ڈیزل اور پٹرول کے ڈبے پڑے ہوئے تھے جس کی وجہ سے آگ کے شعلوں نے بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

رواں سال جنوری میں پنجگور سے کراچی جانے والی مسافر بس ایک ٹرک سے ٹکرا گئی تھی۔ اس حادثے میں کوچ میں سوار 27 مسافر آگ کے شعلوں میں جل کر خاکستر ہوگئے تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ مسافر کوچ میں ایران سے غیر قانونی طریقے سے لایا جانے والا ڈیزل کراچی لے جایا جا رہا تھا۔

XS
SM
MD
LG