بابر اعظم کی شان دار سینچری، سری لنکا کے خلاف پاکستان 218 رنز بنا کر آؤٹ

پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم اسٹروک کھیلتے ہوئے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی شان دار سینچری کی بدولت سری لنکا کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم 218 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ایک مرحلے پر ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان ٹیم 100 رنز سے قبل ہی آل آؤٹ ہو جائے گی، تاہم اسٹار بلے باز نے سری لنکن بالرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

ایک موقع پر پاکستان کے سات کھلاڑی محض 85 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ تاہم ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر بابر اعظم نے قومی ٹیم کا اسکور 218 تک پہنچا دیا۔

بابر اعظم نے 11 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 244 گیندوں پر 119 رنز بنائے۔

یاسر شاہ، حسن علی اور نسیم شاہ نے بابر اعظم کو بھرپور ساتھ نبھایا اور قومی ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانے میں اپنے کپتان کی مدد کی۔

سری لنکا کی جانب سے پراباتھ جے سوریا نے 39 اوورز میں 82 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسرے روز کھیل ختم ہونے پر سری لنکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 36 رنز بنا لیے ہیں۔

گال ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز 24 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا تو اس وقت بابر اعظم اور اظہر علی کریز پر موجود تھے۔

کھیل کے آغاز سے ہی سری لنکن بالرز پاکستانی بیٹرز پر چھائے رہے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی چلی گئیں۔اظہر علی تین، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 19، محمد نواز پانچ، شاہین شاہ آفریدی صفر، یاسر شاہ 18 اور حسن علی 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے والے سلمان علی آغا صرف 5 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

گال ٹیسٹ کے پہلے روز سر لنکن ٹیم 222 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی تھی اور پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 جب کہ حسن علی اور یاسر شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

تیز رفتار 10 ہزار رنز بننے والے ایشیائی بلے باز

گال ٹیسٹ میں سینچری کے ساتھ ہی رنز مشین بابر اعظم نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں تیز ترین 10 ہزار رنز بننے والے ایشیائی بلے باز بن گئے ہیں۔

بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی مجموعی طور پر 228 اننگز میں 10 ہزار رنز کا سنگِ میل عبور کیا۔ اس سے قبل ایشیا میں وراٹ کوہلی کے پاس یہ ریکارڈ تھا جنہوں نے 248 اننگز میں 10 ہزار رنز بنائے تھے۔