رسائی کے لنکس

ایک اور بھارتی مسافر طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کے ایک مسافر طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ ہوئی ہے۔ دو ہفتوں کے دوران یہ دوسرا بھارتی طیارہ ہے جو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا ہے۔

بھارتی فضائی کمپنی 'انڈی گو' کے طیارے ایئر بس 320 نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔

بتایا جاتا ہے کہ مسافر طیارہ 180 مسافروں کو لے کر شارجہ سے حیدرآباد دکن جا رہا تھا کہ دورانِ پرواز پائلٹ نے اس میں تیکنیکی خرابی محسوس ہونے پر کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق 'انڈی گو' نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شارجہ سے حیدرآباد دکن آنے والی پرواز میں فنی خرابی کے بعد احتیاطی تدابیر کے پیشِ نظر اسے کراچی کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ مسافروں کی بحفاظت واپسی کے لیے ایک طیارہ روانہ کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ دو ہفتوں کے دوران بھارتی ایئرلائن کا یہ دوسرا طیارہ ہے جس نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔

اس سے قبل اسپائس جیٹ کے طیارے نے رواں ماہ کے آغاز میں دہلی سے دبئی جاتے ہوئے ہنگامی صورتِ حال کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔ مسافروں کو کئی گھنٹوں کے بعد بھارت سے پہنچنے والے طیارے کے ذریعے کراچی سے دبئی روانہ کیا گیا تھا ۔ بعدازاں خراب ہونے والے طیارے کی خرابی دور کرنے کے بعد اسے واپس بھارت روانہ کر دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG