خواجہ آصف جمعے کو چین جائیں گے

فائل

پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف جمعے کو ایک روزہ دورے پر چین جائیں گے۔

اسلام آباد میں وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق خواجہ آصف اپنے اس دورے کے دوران چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی اور اسٹیٹ قونصلر برائے اُمور خارجہ یانگ جیئ زی سے ملاقاتیں کریں گے۔

ان کے چین کے اس دورے کے دوران دو طرفہ اور علاقائی اُمور بشمول افغانستان کی صورت حال پر بات چیت ہوگی۔

گزشتہ ماہ وزیرِ خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد خواجہ آصف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔

وہ چین کا دورہ ایک ایسے وقت کر رہے ہیں جب پاکستان کے اعلیٰ سفارتی حکام امریکہ کی خطے خصوصاً افغانستان سے متعلق نئی پالیسی کے تناظر میں پاکستان کی جوابی حکمتِ عملی پر مشاورت میں مصروف ہیں۔

بیرونِ ملک تعینات پاکستان کے منتخب سفیروں کی اسلام آباد میں جاری تین روزہ کانفرنس بھی جمعرات کو ختم ہورہی ہے جس میں ملک کی خارجہ پالیسی کے اہم پہلوؤں بشمول امریکہ سے تعلقات کے بارے میں غور کیا گیا۔

وزارتِ خارجہ کے حکام کے مطابق پاکستان کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وزیرِ خارجہ چین کے بعد روس، ترکی اور ایران کے دورے بھی کریں گے جن کے دوران وہ ان ممالک کی حکومتوں کو پاکستان کی افغانستان سے متعلق پالیسی سے آگاہ کریں گے۔

اطلاعات ہیں کہ ان دوروں کے بعد خواجہ آصف امریکہ بھی جائیں گے لیکن تاحال ان کے اس دورے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔