الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی مجموعی طور پر 10 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات 25 فروری کو کرانے کا اعلان کیا ہے۔
ان میں سے اکثر نشستیں اُن سیاست دانوں کے پاس تھیں جوعمران خان کی جماعت ’پاکستان تحریک انصاف‘ میں شمولیت کے بعد پارلیمان کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے تھے۔
جمعہ کو کمیشن کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ ان حلقوں میں انتخابات 20 فروری کو کرائے جانے تھے لیکن عدالت عظمیٰ کے حکم کے بعد نئے شیڈول کا اعلان کیا گیا۔
سپریم کورٹ نے حال ہی میں ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے ان کے انعقاد کو غلطی سے پاک نئی انتخابی فہرستوں کی تیاری کا عمل مکمل ہونے سے مشروط کیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر حامد علی مرزا نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ الیکشن کمیشن ایک با اختیار اور خود مختار ادارہ ہے اور اس کے امور میں رکاوٹ ڈالنا غیر آئینی اقدام ہوگا۔