پاکستان کی دس وکٹوں سے فتح

پاکستان کی دس وکٹوں سے فتح

پاکستان نے ہملٹن میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو دس وکٹوں سے شکست دے دی۔

اتوار کو میچ کے تیسرے روز پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 367 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں اُسے میزبان ٹیم پر 92 رنز کی برتری حاصل ہو گئی کیونکہ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 275 رنز بنائے تھے۔

اسد شفیق نے 83، کپتان مصباح الحق 62، توفیق عمر 54 اور وکٹ کیپر عدنان اکمل نے 44 رنز بنائے۔

پاکستانی باؤلروں کی شاندارکارکردگی نے دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو جم کرکھیلنے نہیں دیا اور تمام ٹیم کو صرف 110 رنز پر آؤٹ کردیا۔ عمر گل، وہاب ریاض اور عبدالرحمن نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

میچ جیتنے کے لیے 19 رنز کا ہدف پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا اور یوں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اُسے ایک - صفر سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔ توفیق عمر نے 12 اور محمد حفیظ نے9 رنز بنائے۔

بائیں ہاتھ سے سپِن باؤلنگ کروانے والے پاکستانی باؤلرعبدالرحمن نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر چھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ بیٹنگ میں 28 رنز بھی بنائے اس لیے انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

گذشتہ سال میچ فکسنگ، خراب کارکردگی اور سیاسی تنازعات کا شکار رہنے والی پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے سال کے آغاز میں نیوزی لینڈ کے خلاف اس شاندار جیت کو قومی کرکٹ کے لیے ایک اچھا شگون قرار دیا جا رہا ہے۔