|
پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر سیریز دو، ایک سے جیت لی ہے۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 304 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 204 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بلاوائیو میں کھیلے جانے والے میچ میں کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے 58 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا۔ صائم ایوب 31 اور عبداللہ شفیق 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی اننگز کی خاص بات مڈل آرڈر بلے باز کامران غلام کی سینچری تھی۔ اُنہوں نے چار چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 99 گیندوں پر 103 رنز بنائے۔ کپتان محمد رضوان نے 37، سلمان علی آغا نے 30 رنز بنائے۔ طیب طاہر 16 گیندوں پر 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز اچھا نہیں تھا۔ وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے بعد زمبابوے کی پوری ٹیم 204 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
صائم ایوب، ابرار احمد، حارث رؤف اور عامر جمال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ فیصل اکرم اور کامران غلام نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 80 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی تھی۔