پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔
بدھ کی صبح برسبین میں ٹیسٹ ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔ اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کپتان اظہر علی اور ٹم پین موجود تھے اور انہوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
پاکستانی کپتان اظہر علی ٹیسٹ ٹرافی اپنی ٹیم کے نام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ پرتھ میں دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں اُن کا کہنا تھا کہ وہ آسٹریلیا کو ہرانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ مہم کا آغاز کر رہی ہے تاہم اس حوالے سے بھارتی ٹیم 300 پوائنٹس کے واضح فرق کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔
پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں عثمان خواجہ اور مارکس ہیرس آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ اُنہیں ایشز سیریز میں اچھا پر فارم نہ کرنے کے باعث ڈراپ کر دیا گیا ہے تاہم ان کی جگہ کیمرون بین کرافٹ اور جوبرنز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے آسٹریلین اسکواڈ میں کپتان ٹم پین، اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر، کیمرون بین کرافٹ، جو برنز، پیٹ کمنز، میتھیو ویڈ، جوش ہیزل وُڈ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لبوشین، نیتھن لائن، مائیکل نیسر، جیمز پیٹنسن اور مچل اسٹارک شامل ہیں۔
ادھ پاکستانی اسکواڈ میں اظہر علی، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، امام الحق، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، محمد موسیٰ، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق اور بالنگ کوچ وقار یونس نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان، آسٹریلیا کے خلاف ناصرف اچھا پرفارم کرے گا بلکہ اس کی کوشش ہوگی کہ آسٹریلیا کو اسی کی سرزمین پر سیریز ہرانے میں کامیاب ہوجائے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیم میں مخالف ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت موجود ہے، صرف بروقت پلاننگ پر صحیح طریقے سے عمل در آمد کی ضرورت ہے۔
مصباح الحق نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستانی بیٹسمین ٹیسٹ میچوں میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
کرکٹ حلقوں کا خیال ہے کہ پاکستان کا موجودہ بالنگ اٹیک انتہائی ناتجربہ کار ہے۔ یاسر شاہ اور محمد عباس کے علاوہ دیگر بالرز ناتجربہ کار ہیں۔
عمران خان جونیئر کی کئی سال بعد ٹیم میں واپسی ممکن ہوئی ہے جب کہ محمد موسیٰ، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی آسٹریلیا کے خلاف کھیل کا کوئی تجربہ نہیں رکھتے۔
تاہم مصباح الحق نے اپنے تمام بالرز کو انتہائی ڈسپلن کے ساتھ اور جم کر آسٹریلوی بیٹسمینوں کا مقابلہ کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔
دوسری جانب بالنگ کوچ وقار یونس نے آئی سی سی سے گفتگو میں کہا کہ وہ محمد موسیٰ، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کی بالنگ دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی بالنگ اٹیک کم تجربے کے باوجود اپنا ہنر دکھانے میں کامیاب رہے گا۔