رسائی کے لنکس

پاکستان نے پریکٹس میچ میں آسٹریلیا الیون کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا


آسٹریلین الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔ گرین شرٹس نے ہدف 17.5 اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ (فائل فوٹو)
آسٹریلین الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔ گرین شرٹس نے ہدف 17.5 اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان بابرِ اعظم کی قیادت میں آسٹریلیا پہنچنے کے بعد پہلے پریکٹس میچ میں گرین شرٹس نے آسٹریلین الیون کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

آسٹریلین الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔ گرین شرٹس نے ہدف 17.5 اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

پاکستانی اوپنرز کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز جوڑے۔ پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین بابر اعظم تھے جو 29 گیندوں پر ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 34 رنز پر فالنز کی گیند پر اسٹمپ ہو گئے۔

فخر زمان آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جنہوں نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 39 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔ انہیں پوپ کی گیند پر گبسن نے کیچ آؤٹ کیا۔

حارث سہیل نے 22 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔ ان کی اننگ میں تین چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ زور دار شاٹس لگانے والے آصف علی بغیر کوئی رنز بنائے ڈوارشوئیز کا شکار بنے۔

وکٹ کیپر رضوان سات اور افتخار احمد چار رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں، پاکستان نے جیت کے لیے مطلوبہ ہدف 17.5 اوورز میں حاصل کیا۔

اس سے قبل آسٹریلین الیون نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پاکستان کی طرف سے محمد عرفان نے ساڑھے تین سال کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے بعد اس میچ کی پہلی گیند پر ہی اوپنر رئن گبسن کو آؤٹ کر دیا۔

اُن کے علاوہ شاداب خان نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 30 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور 'مین آف دا میچ' قرار پائے۔ وہاب ریاض اور عماد وسیم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلین الیون کی طرف سے مڈل آرڈر بیٹسمین میک سوینے 26 گیندوں پر 30 اور کپتان لین 16 گیندوں پر 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں راس نے 16 ، وکٹ کیپر ہولٹ نے 15، گرین نے ناقابل شکست 16 اور فریزر میک گرگ نے 15 رنز کی اننگ کھیلی۔

میچ کے بعد آسٹریلیا الیون کے کپتان لین نے کہا کہ پاکستان کے پاس متعدد ایسے بالر ہیں جو 150 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے بالنگ کرا سکتے ہیں اور ان کے بیٹسمین بھی عالمی معیار کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلین ٹیم کے لیے سیریز کے دوران شدید چیلنج ہوگا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ ہفتے کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG