جاپان کی ٹینس اسٹار نومی اوساکا نے امریکہ کی مایہ ناز کھلاڑی سرینا ولیمز کو سیمی فائنل میں شکست دے کر آسٹریلین اوپن کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
جمعرات کو آسٹریلیا کے روڈ لیور ارینا میں ہونے والے اس مقابلے میں اوساکا نے سرینا کو چھ تین اور چھ چار سے شکست دی۔
اس شکست کے ساتھ ہی سرینا ولیمز کا 24ویں مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کر کے سابق آسٹریلوی اسٹار مارگیرٹ کورٹ کا ریکارڈ برابر کرنے کا خواب پورا نہ ہو سکا۔
سرینا نے آخری مرتبہ 2017 میں آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جس کے بعد مسلسل چوتھے گرینڈ سلیم میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
سرینا ولیمز کو شکست دے کر نومی اوسکا نے مسلسل 20ویں میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔
دوسری جانب آسٹریلین اوپن کے دوسرے سیمی فائنل میں امریکی ٹینس اسٹار جنیفر بریڈی نے یورپی ملک چیک ری پبلک کی کرولینا مچووا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
آسٹریلین اوپن کا فائنل ہفتے کو نومی اوساکا اور جنیفر بریڈی کے درمیان ہو گا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران نومی اوساکا کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے ابتدائی چند مقابلوں میں ان سے بعض غلطیاں ہوئیں لیکن انہوں نے اس پر فوری طور پر قابو پایا۔
شکست کے بعد پریس کانفرنس کے دوران سرینا ولیم کا کہنا تھا کہ آج کا دن میرے لیے غلطیوں سے بھرپور تھا۔
پریس کانفرنس میں سرینا ویلیمز گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئی تھیں۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ان کے کریئر کا یہ آخری آسٹریلین اوپن تھا؟ اس پر انہوں نے کہا کہ وہ نہیں جانتیں۔ ان کے بقول وہ اپنے کریئر کا جب آخری میچ کھیلیں گی تو سب کو آگاہ کر دیں گی۔