آن لائن مہم: ہزاروں افراد ایدھی کو نوبل انعام دینے کے خواہشمند

فائل

معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کو امن کا نوبل پرائز دینے کیلئے رواں ہفتے انٹرنیٹ پر ایک مہم شروع کی گئی ہے، جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے اب تک 40 ہزار سے زائد افراد حصہ لے چکے ہیں

کراچی: اِن دنوں، پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کو امن کا نوبل پرائز دینے کےلیے ایک آن لائن مہم کا سلسلہ جاری ہے، جس میں اب تک ہزاروں افراد نے انھیں نوبل امن ایوارڈ کا حقدار قرار دیا ہے۔

اس سلسلے میں، ​انٹرنیٹ کی ایک ویب سائٹ پر اب تک 40 ہزار سے زائد افراد پاکستانی سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کو نوبل انعام دینے کی درخواست کیلئے آن لائن پٹیشن جمع کرا چکے ہیں۔

آن لائن پٹیشن کےذریعے ایدھی کے حق میں ووٹ دینےوالے انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے نوبل امن انعام کمیٹی سے عبدالستار ایدھی کو امن انعام دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 50 ہزار پٹیشنز جمع ہونے پر ایک لیٹر ناروے میں موجود نوبل امن پرائز کمیٹی کو ارسال کیا جائےگا، جس میں ایدھی کو امن کا نوبل انعام 2015ء پیش کرنے کی درخواست شامل ہوگی۔

اس آن لائن پٹیشن کا سلسلہ لندن کی رہائشی روبینہ کشور نامی ایک خاتون نے رواں ہفتے change.org ایک ویب سائٹ پر شروع کیا تھا، جسمیں پاکستانی سماجی رہنما ایدھی کو نوبل انعام کیلئے حقدار قرار دیا جا رہا ہے۔ انٹرنیٹ پر چلنے والی اس مہم مں پاکستان سمیت دنیا بھر سے اب تک ہزاروں افراد اپنی اس رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔

آن لائن پٹیشن کے مطابق، پاکستان کے سب سے بڑے فلاحی ادارے ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ عبدالستار ایدھی نے اپنی پوری عمر فلاحی کاموں کےلیے وقف کی ہے۔

پاکستان میں دکھی انسانیت کیلئے سرگرم سماجی رہنما ایدھی انسانیت کیلئے گراں قدر خدمات دیتے آ رہے ہیں، جس میں وہ مفت تعلیم صحت عامہ یتیموں کی کفالت کرنے اور ہر قسم کے فلاحی کام شامل ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان گنت فلاحی خدمات پر عبدالستار ایدھی کی اس ایوارڈ کیلئے اہلیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں جن پر یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انھیں امن کا نوبل انعام سے نوازا جائے۔

دنیا بھر میں سب سے بڑا اعزاز مانا جانے والا امن کا نوبل انعام اس سے قبل پاکستانی نوجوان ملالہ یوسفزئی اور بھارت کے کیلاش ستیارتھی کو مل چکا ہے۔