اٹھارہ سالہ زینب عمران 28جون کو برطانوی شہر نوٹنگھم میں لندن اولمپک ٹارچ ریلی میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
زینب پہلی پاکستانی ہیں جنھیں 19دیگر ممالک کے طالب علموں کے ساتھ اولمپک مشعل اٹھانے کے لیے چنا گیا ہے اور وہ اولمپک ریلی میں شرکت کو پورے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک اعزاز قرار دیتی ہیں۔
لندن میں وائس آف امریکہ سے خصوصی انٹرویو میں زینب عمران نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، لہٰذا اُنھیں بھی دیگر ممالک کی طرح بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کے بھرپور مواقع ملنے چاہئیں۔
’انٹرنیشنل انسپائریشنل پروگرام ‘کے تحت پاکستان، بنگلہ دیش، مصر، اردن، برازیل، جنوبی افریقہ، ملائیشیا اور انڈونیشیا سمیت 19ممالک کے نوجوان طالب علموں کو اولمپک ریلی میں اپنے ممالک کی نمائندگی کے لیے باقاعدہ ٹیسٹ اور انٹرویو کے بعد چنا گیا ہے۔
تفصیل کے لیے آڈیو رپورٹ سنیئے: