رسائی کے لنکس

اولمپک کھیلوں کی تیاریاں زوروں پر، میلے کا سا سماں


تقریبا تین ہزار مسلمان کھلاڑیوں کی اکثریت کے لیے، جِن کا اولمپکس میڈل جیتنا ایک خواب ہے، رمضان کے دوران سخت ٹریننگ نہایت مشکل ہوگی

ستائیس جولائی سےلندن میں اولمپک کھیل شروع ہونے والے ہیں، جِن کی تیاریاں اِن دِنوں عروج پر ہیں اور مشرقی لندن میں ’اولمپک ولیج‘ کے گردونواح میں ہزاروں کی تعداد میں شائقین کی آمد اور جوش و خروش سے لندن کی شاموں میں میلے کا سماں بندھ گیا ہے۔

لیکن، اولمپکس سے صرف چند ہی روز قبل رمضان کی آمد سے مسلمان ایتھلیٹس پریشان دکھائی دیتے ہیں اور چند ایک نے اولمپک کمیٹی سے تاریخ میں ردو بدل کا مطالبہ بھی کیا ہے، جو کہ پورا نہ ہوسکا۔

لندن اولمپکس کمیٹی کے مطابق، انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے اِنہی سات ہفتوں میں تاریخ چننے کے لیے کہا تھا۔ لیکن اِن تاریخوں میں اولمپکس کا جب بھی انعقاد کیا جاتا ماہِ رمضان کو اُن تاریخوں کے اوائل یا آخر میں نظر انداز کرنا ناممکن تھا۔ ایسے میں، 3000کے قریب مسلمان ایتھلیٹس کی اکثریت کے لیے، جِن کا اولمپکس میڈل جیتنا ایک خواب ہے، یہ کہنا ہے کہ رمضان کے دوران سخت ٹریننگ نہایت مشکل کام ہوگا۔ اِس لیے، وہ قضا روزے رکھنے پر اکتفا کریں گے۔

برطانیہ کی کشتی رانی کی ٹیم کے ایک مسلمان کھلاڑی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے روزے موسمِ سرما میں رکھیں گے، کیونکہ، اُن کے بقول، اس وقت روزے رکھنا مشکل ہوگا۔اُنھوں نے کہا کہ وہ دِن میں دو یا تین بار ٹریننگ بھی کر رہے ہیں۔

اسپورٹس سائنسز میں اب تک کی گئی تحقیق میں رسرچرز اس بات پر متفق ہیں کہ دوران رمضان روزے رکھنے والوں کی کارکردگی اور استعداد میں کمی واقع ہوتی ہے۔

الجزائر کی فوٹ بال ٹیم پر دورانِ رمضان کی گئی تحقیق نے بھی یہ نتیجا اخذ کیا تھا۔ لیکن، سائنسی تحقیق کے نتائج کے باوجود کچھ مسلمان کھلاڑی ایسے بھی ہیں جو کہ اولمپکس کے دوران رمضان کے پورے روزے رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔برطانیہ کی ہاکی ٹیم کے مسلمان کھلاڑی ڈیرن چیز بھی اُن کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ یہ بات یقینی بنانا ضروری ہے کہ کیسے پیاس اور جسم میں کم مقدار میں خوراک کے ساتھ رہا جاسکتا ہے، تربیت لی جا سکتی ہے اور بہتر کھیل پیش کیا جاسکتا ہے۔

جمیعت علمائے برطانیہ کے سربراہ مفتی محمد اسلم کہتے ہیں کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق، اولمپکس میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو قضا روزے رکھنے کی اجازت ہے۔

اولمپکس کمیٹی کے مطابق دوران رمضان مسلمان ایتھلیٹس کےنماز پڑھنے کے لیے اولمپک ولیج میں کئی جا نماز بھی بچھا دی گئی ہیں۔

آڈیو رپورٹ سنیئے:

XS
SM
MD
LG