امریکی صدربراک اوباما کا کہنا ہےکہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو پاکستان میں القاعدہ کے راہنما اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے جیسی کارروائی کے دوبارہ احکامات دیں گے۔
’بی بی سی‘ سے اتوار کے روز نشر ہونے والےایک انٹرویو میں صدراوباما کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے۔ تاہم، اُن کی انتظامیہ کا کام امریکہ کےتحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں دوبارہ حملے کی اجازت دیں گے، اگر بقول اُن کے، امریکی عوام یا پھر ہمارے اتحادیوں کو ہلاک کرنے کی منصوبہ بندی کرنےوالا کوئی شخص وہاں پایا گیا۔
اپنے انٹرویو کے دوران مسٹر اوباما کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے وہ طالبان کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
تاہم، اُن کا کہنا تھا کہ اِس کے لیے طالبان کو القاعدہ کے ساتھ اپنا تعلق ختم کرنا ہوگا۔