سال 2014ء، روزگار کے مواقع میں قابلِ قدر اضافہ: اوباما

اپنے ہفتہ وار خطاب میں، مسٹر اوباما نے کہا ہے کہ 1990ء کی دہائی کے بعد 2014ء کے سال کے دوران روزگار کے مواقع میں خاصہ اضافہ ہوا۔ علاوہ ازیں، سنہ 1984 کے بعد 2014ء وہ پہلا سال تھا جب بے روزگاری میں تیزی سے کمی آئی

امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے وہ اس بات کے خواہاں ہیں کہ کانگریس سیاسی چال بازیاں چھوڑ کر اپنا ذہن اُن طریقوں پر مرتکز کرے جن کے ذریعے ملکی ترقی کے تیز تر فروغ کے کام میں سارے امریکی شریک ہو سکیں۔

صدر نے کہا کہ منگل کو ’اسٹیٹ آف دِی یونین‘ خطاب میں، یہی پیغام اُن کا موضوع ہوگا۔

اپنے ہفتہ وار خطاب میں، مسٹر اوباما نے کہا کہ 1990ء کی دہائی کے بعد 2014ء کے سال کے دوران روزگار کے مواقع میں قابل قدر اضافہ ہوا۔


علاوہ ازیں، سنہ 1984 کے بعد 2014ء وہ پہلا سال تھا جب بے روزگاری میں تیزی سے کمی آئی۔

اُنھوں نے کہا کہ امریکہ کی تیز ترقی حقیقی امر ہے، اور اب یہ ہمارا کام ہے کہ ہر ایک امریکی کو یقین دلایا جائے کہ وہ ملک کی ترقی کے فروغ میں حصے دار ہے۔

صدر اوباما نے کہا کہ منگل کے روز اُن کےایوان نمائندگان سے خطاب میں ہر امریکی اُن کے ساتھ شریک ہوگا، جن میں ایک سابق فوجی بھی شامل ہوں گے جن کی افغانستان کی لڑائی کے دوران دونوں ٹانگیں ضائع ہوگئی ہیں، لیکن وہ حال ہی میں اپنی بیوی اور ایک نوزائدہ بچی کے ساتھ اپنے نئے گھر منتقل ہوئے ہیں۔