|
ویب ڈیسک _ برازیل سے تعلق رکھنے والی فٹ بال کی ایک پرستار راہبہ کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ جاپان سے تعلق رکھنے والی دنیا کی معمرترین خاتون کی حالیہ موت کے بعد تقریباً 117 سال کی عمر میں دنیا کی معمر ترین شخصیت بن گئی ہیں۔
دنیا بھر میں سو سال سے زیادہ عمر کے افراد کا سراغ لگانے والی تنظیم لونگیوی کوئیسٹ LongeviQues نے ہفتے کو سسٹر اناہ کینا بارو کو دنیا کی معمر ترین زندہ شخصیت قرار دیا ۔
تنظیم نے ان کی ابتدائی زندگی کے مستند ریکارڈ کو سامنے رکھتے ہوئے یہ اعلا ن کیا ۔
ان سے قبل جاپان سے تعلق رکھنے والی خاتون تومیکو ایتوکا دنیا کی معمر ترین زندہ شخصیت تھیں ان کا 29 دسمبر 2025 کو 116 برس کی عمر میں انتقال ہوا -
جاپان کی معمر ترین خاتون تومیکو ایتوکا جن کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے 22 اگست 2024 کو اپنی 116ویں سالگرہ کے موقع ہر، فوٹو اے ایف پی
لونگیوی کوئیسٹ LongeviQuest کے محققین کے مطابق کینابرو 8 جون 1908 کو جنوبی برازیل کے ایک بڑے خاندان میں پیدا ہوئیں ۔ لیکن ان کے 84 سالہ بھتیجے کلیبر کینابرو نے بتایا کہ ان کی پیدائش دو ہفتے تاخیر سے درج کی گئی تھی اور وہ اصل میں 27 مئی کو پیدا ہوئی تھیں۔
ان کے پردادا ایک مشہور برازیلی جنرل تھے جنہوں نے 19ویں صدی میں پرتگال سے برازیل کی آزادی کے بعد ہنگامہ خیز دور میں ہتھیار اٹھائے۔
کینا برو نے نوعمری میں ہی مذہبی کام شروع کیا اور ریو ڈی جنیرو منتقل ہونے اور بالآخر اپنی آبائی ریاست ریو گرانڈے ڈو سل میں آباد ہونے سے قبل انہوں نے مونٹیویڈیو، یوراگوئے میں دو سال گزارے۔
کینا برو وہیل چئیر کی مدد سے چلتی ہیں ۔تنظیم کی طرف سے گزشتہ فروری میں بنائی گئی ایک ویڈیو میں، مسکراتی ہوئی کینابرو کو لطیفے سناتے ہوئے، جنگلی پھولوں سے بنائی ہوئی چھوٹی چھوٹی پینٹنگز شیئر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
جب ان سے لمبی عمر کا راز پوچھا گیا تو ان کا جواب تھا ، ان کا کیتھولک عقیدہ۔
کینا برو نے برازیل کے جنوبی شہر پورٹو الیگری میں اپنے ریٹائرمنٹ ہوم آنے والوں کو بتایا ،"میں جوان، خوبصورت اور فرینڈلی ہوں - تمام بہت اچھی، مثبت خوبیاں جو آپ میں بھی ہیں،"
وہ فٹ بال کی ایک پرستار ہیں۔ ان کے بھتیجے کلیبر کینابرو نے بتایا کہ وہ بچپن میں اتنی دبلی پتلی تھیں کہ کوئی یہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ وہ زندہ بچ جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی فٹ بال کلب، انٹر ، جو کینا برو کی پیدائش سے قبل قائم ہوا تھا، ہر سال اپنے معمر ترین پرستار کی سالگرہ مناتا ہے ۔ ان کی 116ویں سالگرہ پر ان کے کمرے کو ٹیم کے سرخ اور سفید رنگوں کے تحائف سے سجایا گیا تھا۔
ان کی 110 ویں سالگرہ کے موقع پر، انہیں پوپ فرانسس نے اعزاز سے نوازا تھا ۔ وہ لوسائل رینڈن کے بعد اب تک کی دوسری معمر ترین راہبہ ہیں۔ رینڈن 2023 میں 118 سال کی عمر میں اپنی موت تک دنیا کی معمر ترین شخصیت تھیں۔
اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔