رواں سال امن کا نوبیل انعام افریقی ملک کانگو سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر مک ویج اور جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی عراقی خاتون نادیہ مراد کو مل گیا ہے۔
ڈاکٹر مک ویج ایک گائناکولوجسٹ ہیں جنہیں خانہ جنگی کا شکار افریقی ملک عوامی جمہوریہ کانگو میں جنسی تشدد کا شکار ہونے والے سیکڑوں خواتین کا علاج کرنے کے عوض اس انعام سے نوازا گیا ہے۔
انعام کا فیصلہ کرنے والی ناروے کی کمیٹی نے جمعے کو اپنے ایک بیان کہا ہے کہ ان دونوں شخصیات کا انتخاب "جنسی تشدد کو جنگوں اور مسلح تصادم کے دوران بطور ہتھیار استعمال روکنے کے لیے ان کی کوششوں" پر کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ نادیہ مراد نے جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اپنے ساتھ ہونے والے جرم پر خاموش رہنے سے انکار کیا اور اپنے ساتھ بیتنے والے ظلم کی روداد دنیا کے سامنے لا کر زیادتی کا شکار ہونے والی تمام خواتین کی نمائندگی کی۔
نادیہ مراد کا تعلق عراق میں آباد یزیدی اقلیت سے ہے جنہوں نے شدت پسندوں کی طرف سے زیادتی کا نشانہ بننے کے بعد اس کے خلاف باقاعدہ مہم چلائی تھی۔
دونوں شخصیات کا انتخاب تقریباً 350 افراد اور تنظیموں میں سے عمل میں آیا جنہیں رواں سال امن کے نوبیل انعام کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔