شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کی کمپنی ’ہیونڈائے‘ کو دھمکی دی ہے کہ وہ اُسے مشرقی علاقے میں سرحد پار سیاحتی دورے کروانے کے حق سے محروم کر دے گا۔
جنوبی کوریا نے تین سال قبل دلکش ’ماؤنٹ کمگنگ (Mount Kumgang)‘ کے دورے اُس وقت معطل کر دیے تھے جب شمالی کوریا کے فوجیوں نے غلطی سے ممنوعہ فوجی علاقے میں داخل ہونے والی ایک خاتون کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
’کوریا ایشیا-پیسیفک پیس کمیٹی‘ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پیونگ یانگ کی برداشت ختم ہوتی جا رہی ہے۔ اس بیان کی تشہیر شمالی کوریا کے سرکاری خبررساں ادارے ’کورین سنٹرل نیوز ایجنسی‘ نے کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا سیاحتی دورے کروانے کا حق کسی بین الاقوامی کمپنی کو دے سکتا ہے۔
ہیونڈائے نے 1998ء میں شمالی کوریا کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت جنوبی کوریا کی اس کمپنی کو آئندہ 50 سالوں تک ’ماؤنٹ کمگنگ‘ کے سیاحتی دورے کروانے کا اجارہ دانہ حق مل گیا تھا۔