نائجیریا: بوکو حرام کا حملہ، گومبے میں کرفیو کا نفاذ

گومبے کے گورنر نے اعلان کیا ہے کہ مزید اطلاعات تک مکینوں کو گھر کے اندر رہنا چاہیئے، جب تک سکیورٹی فورسز مسلح افراد کو تلاش نہ کرلیں اور امن و امان قائم نہ ہوجائے

نائجیریا کی ریاست، گومبے کے گورنر نے 24 گھنٹےکا کرفیو نافذ کرنےکا اعلان کیا ہے، جس سے قبل ہفتے کو بوکو حرام کے حملے کے نتیجے میں شدید لڑائی بھڑک اٹھی۔

گورنر کے ترجمان نے ہفتے کے روز اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گومبے سٹی میں لڑائی جاری ہے جب کہ کرفیو کا نفاذ پوری ریاست میں کیا گیا ہے، جس ریاست کا نام بھی گومبے ہی ہے۔


اُنھوں نے کہا ہےکہ مزید اطلاعات تک مکینوں کو گھر کے اندر رہنا چاہیئے، جب تک سکیورٹی فورسز مسلح افراد کو تلاش نہ کرلیں اور امن و امان قائم نہ ہوجائے۔

ہلاکتوں سے متعلق کوئی بات نہیں کی گئی۔

کچھ رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ علاقے کا قبضہ خالی کرا لیا گیا ہے، اور مسلح افراد لاشیں اور زخمی ساتھ لے کر بھاگ گئے ہیں۔

علاقے سے موصول ہونے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ شدت پسندوں نے ایک خط جاری کیا، جس میں مکینوں کو متنبہ کیا گیا تھا کہ عام انتخابات میں ووٹ نہ ڈالا جائے، جو ہفتے کو ہونے والے تھے۔ لیکن، جنھیں سلامتی کے خدشات کی بنا پر چھ ہفتوں کے لیے مؤخر کیا گیا ہے۔

ہفتے کو لکھے گئے اپنے مراسلے میں، شدت پسندوں نے یہ اعلان کیا تھا کہ الیکشن ہونے کی صورت میں تمام پولنگ اسٹیشنوں پر حملے کیے جائیں گے۔ خط میں مسلمان شہریوں سے کہا گیا تھا کہ اپنی حفاظت کی خاطر، گھروں کے اندر رہیں۔