لیبیا: نئے وزیر اعظم نے عہدہ سنبھال لیا

اسمبلی کی براہ راست کارروائی

مسٹر ماطق نےاپنے پیش رو، سابق وزیر اعظم عبد اللہ الثانی کی جگہ لی ہے، جو گذشتہ ماہ مستعفی ہوگئے تھے
لیبیا کے پارلیمان نے متنازعہ فی رائے دہی کے نتیجے میں نئے وزیر اعظم کی نامزدگی کردی ہے، جس کے بعد اُنھوں نے عہدے کا حلف لے لیا ہے۔

وہ 42 برس کے ایک کاروباری شخص ہیں۔

احمد ماطق نے اتوار کے روز اپنے عہدے کا حلف لیا، جس سے قبل عوامی قومی کانگریس کے ایوان کی نشست میں ہنگامہ آرائی جاری رہی۔


ابتدائی طور پر مسٹر ماطق کو صرف 113قانون سازوں کی حمایت حاصل ہوئی، جب کہ کامیابی کے لیے کم از کم 120 ووٹ درکار تھے۔

اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ووٹنگ کے دوسرے مرحلے میں اپنے مد ِمقابل، سائنس کے پروفیسر عمر الحاسی سے سبقت کے لیے، اُنھیں مزید آٹھ قانون سازوں کی حمایت حاصل ہوئی۔

مسٹر ماطق اپنے پیش رو، سابق وزیر اعظم عبد اللہ الثانی کی جگہ لیں گے، جو گذشتہ ماہ مستعفی ہوگئے تھے۔

ملک میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت سے نبردآزما ہونے کے لیے، لیبیا کا پارلیمان نئے وزیر اعظم کی تلاش کی جستجو کرتا رہا ہے۔

سنہ 2011ء میں معمر قذافی کا تختہ الٹے جانے کے بعد سے لیبیا کی حکومت کو سلامتی کا معاملہ درپیش رہا ہے۔ ملیشیاؤں کے گروہ جن کی مدد سے طویل مدت تک حکمرانی کرنے والے مطلق العنان کو ہٹایا گیا، اب تک لیبیا کے ایک وسیع علاقے میں سرگرم عمل دکھائی دیتے ہیں، جن میں لیبیا کا مشرقی علاقہ شامل ہے، جہاں اُنھوں نے ملک کی اہم بندرگاہوں کا کنٹرول سنبھال رکھا ہے۔