طالبان کے حملوں میں 22 افغان پولیس اہلکار ہلاک

فائل

قندھار پولیس کے ترجمان ضیا درانی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ طالبان نے چھ گھنٹوں کے دوران ایک درجن سے زائد پولیس چوکیوں کو نشانہ بنایا۔

افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار کے مختلف مقامات پر پولیس کی ایک درجن سے زائد چوکیوں پر طالبان کے حملوں میں 22 اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق حملہ آوروں کے ساتھ لڑائی میں 45 جنگجو ہلاک اور 35 زخمی بھی ہوئے اور حملہ آوروں کو کسی چوکی پر قبضہ کرنے نہیں دیا گیا۔

قندھار پولیس کے ترجمان ضیا درانی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ طالبان نے چھ گھنٹوں کے دوران ایک درجن سے زائد پولیس چوکیوں کو نشانہ بنایا لیکن ان کے بقول وہاں تعینات اہلکاروں نے حملہ آوروں سے بھرپور مقابلہ کیا اور انہیں کسی چوکی پر قابض نہیں ہونے دیا۔

ترجمان کے مطابق بعد ازاں مزید کمک اور فضائی مدد پہنچنے کے بعد طالبان کا حملہ ناکام بنادیا گیا۔

افغان طالبان کے ایک ترجمان نے صحافیوں کو بھیجے جانے والے ایک پیغام میں دعویٰ کیا ہے کہ حملوں کے دوران انہوں نے 43 پولیس اہلکاروں اور ایک مقامی ملیشیا کے رضاکاروں کو ہلاک کیا جب کہ 13 گاڑیاں بھی تباہ کردیں۔