کراچی: روبوٹ کے ذریعے کینسر کا مفت علاج

’سائبر نائف‘ کی بدولت صرف ملکی ہی نہیں بلکہ پاکستان آکر کینسر کا علاج کرانے والے غیر ملکی مریضوں کی تعداد میں بھی ہر روز اضافہ ہورہا ہے ۔‘

شاید بہت کم لوگ جانتے ہوں کہ کراچی میں ایک روبوٹ ایسا بھی ہے جو کینسر کے مرض میں مبتلا افراد کا علاج ’مفت ‘کرتا ہے ۔

دیوہیکل سائز کا یہ روبوٹ کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے احاطے میں موجود ’سائبر نائف روبوٹک ریڈیو سرجری ‘ میں سن 2012ء سے کام کررہا ہے اور اب تک انگنت مریض اس سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔

’سائبر نائف ‘ ڈاکٹر طارق محمود کی زیرنگرانی فعال ہے جن کا کہنا ہے کہ ’سائبر نائف‘ کی بدولت صرف ملکی ہی نہیں بلکہ پاکستان آکر کینسر کا علاج کرانے والے غیر ملکی مریضوں کی تعداد میں بھی ہر روز اضافہ ہورہا ہے ۔‘

وہ اپنی بات کی تائید میں مزید کہتے ہیں’ اس کی بنیادی وجہ یہ ہےکہ 40کروڑ سے زائد مالیت کے اس روبوٹ سے علاج پر بہت زیادہ رقم خرچ ہوتی ہے ،ہر ملک کا شہری اس خرچ کو برداشت بھی نہیں کرسکتا جبکہ پاکستان میں ’سائبر نائف‘ کی بدولت کینسر کے مریضوں کا بالکل مفت علاج ہوتا ہے ۔ ‘

ڈاکٹر طارق محمودکا کہنا ہے’ سائبر نائف کینسر کے ٹیومرکا علاج کرتا ہے۔ کینسر کی دو قسمیں ہوتی ہیں۔پہلی قسم میں کینسر جسم کے کسی ایک عضو یا حصے تک محدود رہتا ہے اور اسی عضو یا حصے کو نقصان پہنچاتا اور تباہ کر دیتا ہے۔دوسری قسم وہ ہے جس میں کینسر ایک عضو یا حصے سے شروع ہو کر جسم کے دوسرے اعضا تک پھیل جاتا ہے۔‘

ان کے بقول ’سائبرنائف‘ کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ دونوں قسم کے کینسر کا علاج کرسکتا ہے تاہم یہ جسم کے ایک حصے یا عضو تک محدود رہنے والے کینسر کے علاج کے لئے زیادہ موثرہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا ’یہ ایسی ٹیکنالوجی ہے جو دماغ، ریڑھ کی ہڈی، پروسٹیٹ، پھیپھڑوں، سر اور گردن میں موجود کسی بھی قسم کے ٹھوس ٹیومر کا علاج کرسکتی ہے۔ ایسے کسی بھی قسم کے ٹیومر کی سائبر نائف ریڈی ایشن تھراپی کے ذریعے مکمل علاج میں دوگھنٹے لگتے ہیں۔‘

روایتی ریڈیو تھراپی مشین کے مقابلے میں سائبر نائف تھراپی کا فائدہ یہ ہے کہ مریض کو علاج کے بعد کسی سائیڈ افیکٹ یا ری ایکشن کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

’سائنر نائف اسپشل ریڈیو تھراپی‘ ہے جو روبوٹ کے ذریعے آپریٹ ہوتی ہے اور انتہائی مہارت سے صرف کینسر کے ٹیومرکو ہی ہدف بناتی ہے اور جسم کے دیگر صحت مند ٹشوز محفوظ رہتے ہیں۔

اسے خالصتاً فلاحی اور انسانیت کی خدمت کے لئے غیر منافع بخش بنیادوں پر لگایا گیا ہے۔