رسائی کے لنکس

بیگم کلثوم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا


Kalsoom Nawaz
Kalsoom Nawaz

کنور رحمان خان

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کو برطانوی ڈاکٹروں نے گلے کا کینسر تشخیص کیا ہے تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہےکہ کلثوم نواز کا کینسر قابل علاج ہے۔

اطلاعات کے نواز شریف اپنی صاحبزادی کے ہمراہ لندن جائیں گے جہاں مریم نواز والدہ کی دیکھ بھال کریں گی۔

22اگست کی دوپہر وزیراعلی پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز بھی اپنی تائی اماں کی مزاج پرسی کے لیے لندن روانہ ہوئے تھے۔ جانے سے قبل پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل سٹی 42 سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 120کی انتخابی مہم وہ مریم نواز کی ساتھ مل کر چلائیں گے۔

اس سےقبل آج مریم نوازشریف نے ٹویٹ کیا ہے کہ ان کی والدہ کو لمفومہ کی تشخیص ہوئی ہے، یہ بیماری قابل علاج ہے جس کی ٹریٹمنٹ شروع ہوچکی ہے۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں سابق وزیرا عظم کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے وزیر ریلوے سعد رفیق نے بتایا کہ این اے 120 لاہور کے ضمنی الیکشن کے لیے امیدوار تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں، بیگم کلثوم نواز کا کینسر قابل علاج ہے، وہی ن لیگ کی امیدوار ہیں۔

اس موقع پر موجود صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کینسرکی تشخیص کے بعد بیگم کلثوم نواز کا علاج لندن کے معروف سینٹرل اسپتال میں جاری ہے۔

رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ ڈاکٹرز کے مطابق کلثوم نواز کے گلے کا سرطان ابتدائی مراحل میں ہے جو قابل علاج ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بیگم کلثوم نوازکے مزید ٹیسٹ کئے جائیں گےاور چند دن میں آّپریشن کا فیصلہ کیا جائے گا۔

سابق خاتون اوّل کی صحت یابی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سابق صدر آصف زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار اور جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو ٹیلی فون کر کے کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی۔

حلقہ این اے 120 میں ضمنی انتخاب17ستمبر 2017 کو ہوں گے، جہاں کلثوم نواز کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد سے ہوگا۔

XS
SM
MD
LG