عراق ایران پائپ لائن، مسلح افراد کی فائرنگ17 کارکن ہلاک

فائل

بتایا جاتا ہے کہ یہ حملہ آور جمعے کی رات تین عدد کاروں میں مقدادیہ کے بیرونی علاقے میں وارد ہوئے اور کارکنوں پر فائر کھول دیا، ایسے میں جب وہ عراق ایران پائپ لائن کے لیے خندق کھود رہے تھے
عراق میں اہل کاروں کا کہنا ہے کہ بغداد کے شمال مشرق میں تقریباً 150 کلومیٹر دور، نقاب پوش مسلح افراد نے گولیاں چلا کر تیل اور گیس کے کم از کم17 کارکنوں کو ہلاک کر دیا ہے، جن میں زیادہ تر ایرانی تھے۔

رائٹرز خبر رساں ادارے نے زندہ بچ جانے والے ایک کارکن کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ حملہ آور جمعے کی رات تین کاروں کے ذریعے مقدادیہ کے بیرونی علاقے میں وارد ہوئے اور کارکنوں پر فائر کھول دیا، ایسے میں جب وہ عراق ایران کے درمیان پائپ لائن کی توسیع کے لیے خندق کھود رہے تھے۔

حملے میں آٹھ کارکن زندہ بچ گئے، جنھیں اسپتال داخل کر دیا گیا ہے۔

فوری طور پر کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

تاہم، اہل کاروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حملے کے طریقہٴ کار سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ یہ القاعدہ سے وابستہ کسی دھڑے کی کارستانی ہے، جو اپریل سے اب تک عراقی قصبوں اور شہروں پر متعدد حملے کرتا آیا ہے۔