|
ویب ڈیسک — امریکہ کی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی ملکیت 'انسٹاگرام' نے ریلز کی ڈیوریشن میں اضافے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد یوزر ز اب تین منٹ تک ریلز بنا سکیں گے۔
انسٹاگرام کری ایٹرز کی ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی کہانی بتانے کے لیے90سیکنڈز کا وقت کافی نہیں ہے۔لہٰذا صارفین اب رواں ہفتے سے ریل ایڈیٹر میں تین منٹ تک ریلز کری ایٹ کر سکیں گے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے ابتدائی طور پر یہ فیچر امریکہ میں صارفین کے لیے متعارف کیا ہے۔تاہم کری ایٹرز پوسٹ میں کہا گیا ہے دیگر ممالک کے صارفین کے لیے آپشن دینے کی صورت میں آگاہ کیا جائے گا۔
انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے میٹا کے پلیٹ فارم'تھریڈز' پر ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ صارفین کے فیڈ بیک کے بعد یہ اقدام کیا گیا ہے کیوں کہ ان کا کہنا تھا کہ ریلز کا وقت بامعنی کانٹینٹ بنانے کے لیے کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس تبدیلی سے صارفین مزید طویل ویڈیو ریلز پبلش کر سکیں گے۔
انسٹاگرام کی جانب سے امریکی صارفین کے لیے ریلز کے دورانیے میں اضافے کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس کے کومپیٹیٹر پلیٹ فارم' ٹک ٹاک' کو امریکہ میں مشکلات کا سامنا ہے۔
امریکہ میں حال ہی میں ٹک ٹاک پر پابندی کو ڈھائی ماہ کے لیے مؤخر کیا گیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق اس رعایت کی وجہ امریکی خریداروں کو معاہدے کا موقع دینا ہے جو قومی مفادات کو تحفظ فراہم کرے اور ساتھ ہی یہ پلیٹ فارم امریکیوں کے لیے قابلِ استعمال بھی رہے۔
اس سے قبل ایک وفاقی قانون کے تحت ٹک ٹاک کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس کو خود کو ٹک ٹاک سے الگ نہ کرنے کی صورت میں امریکہ میں پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ٹک ٹاک پر بھی ابتدا میں 15 سیکنڈ تک کی ویڈیو اپ لوڈ ہوتی تھی جس کے بعد اس دورانیے کو ایک منٹ، پھر تین منٹ اور بعد ازاں مارچ 2022 میں دس منٹ تک بڑھا دیا گیا تھا۔
اکتوبر 2023 میں ٹک ٹاک پر ویڈیو اپ لوڈ کی ڈیوریشن 15 منٹ تک بڑھا دی گئی تھی جب کہ اس کے بعد یوزر کو 10 منٹ تک کی ویڈیو ریکارڈ کرنے اور ایک گھنٹے تک اپ لوڈ کرنے کا آپشن دیا گیا تھا۔
انسٹاگرام کے ایک اور کومپیٹیٹر یوٹیوب نے اپنے مختصر ویڈیو آپشن 'شارٹس' پر بھی ویڈیو اپ لوڈ کا ٹائم کچھ عرصے قبل ہی بڑھایا ہے۔
ابتدا میں 60 سیکنڈز کی شاٹس اپ لوڈ ہو سکتی تھی ۔ تاہم اکتوبر 2024 میں اس کا دورانیہ تین منٹ تک بڑھا دیا گیا تھا۔