بھارت نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھی پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
اتوار کو دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 50 اوورز میں صرف 237 رنز بنائے تھے۔
جواباً بھارت نے 238 رنز کا ہدف اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھون کی شاندار اننگز کی بدولت صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 3ء39 اوورز میں بآسانی حاصل کرلیا۔
دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 210 رنز بنائے۔ شیکھر دھون 100 گیندوں پر 114 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
روہت شرما 119 نے گیندوں پر 111 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی اننگز میں چار چھکے اور سات چوکے بھی شامل تھے۔
ایشیا کپ میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو یہ مسلسل دوسری شکست ہے۔
اس سے قبل گروپ 'اے' کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو بآسانی آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔
اس سے قبل پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اوپنر فخر زمان اور امام الحق ابتدائی اوورز میں وکٹیں محفوظ رکھ کر بعد میں اسٹروکس کھیلنے کی حکمت کے ساتھ میدان میں اُترے لیکن امام الحق زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 10 رنز بناکر فخر زمان کا ساتھ چھوڑ گئے۔
فخر زمان اننگز کے آغاز میں بھارتی بولر کے سامنے بہت زیادہ محتاظ نظر آئے تاہم جب انہوں نے کھل کر اسٹروکس کھیلنا شروع کیے تو کلدیپ یادیو کی گیند پرایل بی ڈبلیو آؤٹ دے دیئے گئے۔ وہ 44 گیندوں کا سامنا کرکے 31رنز بناسکے۔
اوپنرز کے پویلین لوٹنے کے بعد کپتان سرفراز احمد بابر اعظم کا ساتھ دینے میدان میں اُترے لیکن سرفراز کی کال پر مشکل رن لینے کی کوشش میں بابر اعظم اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
بابراعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد سینئر بیٹسمین شعیب ملک اور سرفراز احمد نے رنز بنانے کی ذمہ داری سنبھالی اور اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے بھارتی بولرز کا جم کا سامنا کیا اور نہ صرف وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روکا بلکہ سنگلز اور ڈبلز لے کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں 107 رنز بناکر اسکور 165 تک پہنچادیا۔
اس موقع پر سرفراز 44 رنز بناکر کلدیپ یادیو کی گیند پر روہیت شرما کو کیچ دیے بیٹھے۔ نئے بیٹسمین آصف علی نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر تیزی سے اسکور میں اضافہ کیا اور بھونیشور کمار کے ایک اوور میں دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 22 رنز لیے۔
ویل سیٹ بیٹسمین شعیب ملک 78 رنز کی اننگز کھیل کر بومرا کی گیند پر وکٹ کیپر دھونی کو کیچ دیے بیٹھے۔آصف علی بھی 30 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔
ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان 260 کے قریب رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوجائے لیکن شعیب ملک اور آصف علی کے آؤٹ ہونے کے بعد نئے آنے والے بیٹسمین ڈیتھ اوورز میں بھارتی بولرز بومرہ اور بھونیشور کمار کے خلاف رنز اسکور نہ کرسکے اور پاکستان ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر237رنز بناسکی۔
بھارت کی جانب سے چہل، کلدیپ اور بومرا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔