بھارت کا بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ

  • کانپور ٹیسٹ کے پہلے دو روز بارش کے باعث کھیل نہیں ہو سکا تھا لیکن بھارت نے میچ کے پانچویں روز کامیابی حاصل کر کے سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا۔
  • بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 145 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
  • بھارت کے آف اسپنر روی چندر ایشون کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

ویب ڈیسک _ بھارت نے کانپور میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کر دیا ہے۔

بارش سے متاثرہ ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز بنگلہ دیش کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 146 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور بھارت کو میچ جیتنے کے لیے 95 رنز کا ہدف ملا۔

میزبان ٹیم نے ہدف نہ صرف با آسانی تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا بلکہ مہمان ٹیم کو وائٹ واش بھی کر دیا۔

کانپور ٹیسٹ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ لیکن بارش کے باعث میچ کے دو روز کا کھیل نہیں ہو سکا تھا۔

کھیل کے تیسرے روز بنگلہ دیش کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 233 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

بھارت نے چوتھے روز اپنی پہلی اننگز میں 285 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔

بھارت کے یشوشی جیسوال کو پہلی اور دوسری اننگز میں بالترتیب 72 اور 51 رنز بنانے پر 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔ جب کہ آف اسپنر روی چندر ایشون کو سیریز میں 11 وکٹیں حاصل کرنے پر 'مین آف دی سیریز' قرار دیا گیا۔

بھارت نے چنائی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 239 رنز سے شکست دی تھی۔

بھارت کے خلاف دو ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) میں بنگلہ دیش کی ٹیم چوتھے سے ساتویں نمبر پر آ گئی ہے۔

پاکستان کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں شکست کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم ڈبلیو ٹی سی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر چلی گئی تھی۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ میں بھارت پہلے، آسٹریلیا دوسرے، سری لنکا تیسرے، انگلینڈ چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں اور پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے۔