کرکٹ ورلڈ کپ: بھارت کے 15 رُکنی اسکواڈ کا اعلان

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئندہ ماہ بھارت میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

پندرہ رُکنی اسکواڈ کی قیادت روہت شرما کریں گے جب کہ ہاردک پانڈیا نائب کپتان ہوں گے۔

اسکواڈ میں وراٹ کوہلی، شبمن گل، کے ایل راہل، روہت شرما، سوریا کمار یادیو، شریاس ایر، ایشان کشن، ہارک پانڈیا، روندرا جڈیجا، اکشر پٹیل، شردل ٹھاکر، جسپریت بمبرا، محمد شامی، محمد سراج اور کلدیپ یادیو شامل ہیں۔

ایشین کنڈیشنز کو مدِنظر رکھتے ہوئے بھارتی ٹیم میں تین لیفٹ آرم اسپنرز شامل کیے گئے ہیں۔ بھارتی ٹیم اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز آٹھ اکتوبر کو چنائی میں آسٹریلیا کے خلاف میچ سے کرے گی۔

بھارتی ٹیم 11 اکتوبر کو نئی دہلی میں افغانستان کا مقابلہ کرے گی۔ 14 اکتوبر کو بلیو شرٹس کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان کے ساتھ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہو گا۔

19 اکتوبر کو بھارت اور بنگلہ دیش مدِمقابل ہوں گے جب کہ 22 اکتوبر کو بھارت کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہو گا۔

ورلڈ کپ میں 29 اکتوبر کو بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، دو نومبر کو سری لنکا، پانچ نومبر کو جنوبی افریقہ جب کہ 12 نومبر کو بھارت نیدر لینڈز سے مقابلہ کرے گا۔