پاکستانی کرکٹر محمد عباس دنیا کے 20 بہترین بولروں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی عالمی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے۔
بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈرز میں کوئی بھی پاکستان کھلاڑی ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بنا سکا۔
تاہم، فاسٹ بولر محمد عباس آسٹریلیا کے خلاف عمدہ کارکردگی کے باعث دنیا کے 20 بہترین بولروں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ نئی رینکنگ میں اُن کا نمبر 13 واں ہے جبکہ اسپنر یاسر شاہ 21، وہاب ریاض 32 اور محمد عامر 34 ویں نمبرپر ہیں۔
بیٹسمینوں میں بھارت کے ویراٹ کوہلی اور بولرز میں انگلینڈ کے جیمس اینڈرسن بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔
نئی عالمی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق، بیٹسمینوں میں بھارتی کپتان اور اوپننگ بیٹسمین ویراٹ کوہلی پہلے بال ٹمپرنگ اسکینڈل میں پابندی کے شکار آسٹریلوی بیٹسمین اسٹیو اسمتھ دوسرے، نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن تیسرے، انگلینڈ کے جوروٹ چوتھے، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر پانچویں، بھارت کے چتیشور پجارا چھٹے، سری لنکا کے دیموتھ کرونا رتنے ساتویں، سری لنکا ہی کے دنیش چندیمل آٹھویں، جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر نویں اور آسٹریلیا کے عثمان خواجہ پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں شاندار بیٹنگ پرفارمنس کے باعث دسویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
بولرز کی رینکنگ
بولروں کی ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن بدستور پہلی پوزیشن پر قبضہ جمائے بیٹھے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا دوسرے، جنوبی افریقہ ہی کے ویرون فلینڈر تیسرے، بھارت کے رویندر جڈیجا چوتھے، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پانچویں، آسٹریلیا کے پیٹ کومنز چھٹے، سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ ساتویں، بھارت کے روی چندرن ایشوین آٹھویں، نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر نویں اور آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ دسویں پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی رینکنگ
آل راؤنڈرز کی فہرست میں بنگلادیش کے شکیب الحسن پہلے، بھارت کے رویندرا جدیجا دوسرے، جنوبی افریقہ کے ویرون فلینڈر تیسرے، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر چوتھے اور بھارت کے روی چندرن ایشوین پانچویں نمبر پر ہیں۔
ٹیموں کی ٹیسٹ رینکنگ
تازہ عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں بھی بھارت پہلی پوزیشن پر براجمان ہے جبکہ جنوبی افریقہ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے ، انگلینڈ چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے، پاکستان ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلادیش نویں اور زمبابوے دسویں نمبر پر ہے۔