پاکستانی ڈرامہ ایوارڈز ہفتے کو ہیوسٹن میں

'ہم انٹرٹینمنٹ چینل' کے ساتویں ایوارڈز کی تقریب پانچ اکتوبر کو ہیوسٹن میں سجے گی۔

پاکستان کے ایک بڑے نجی تفریحی چینل 'ہم انٹر ٹینمنٹ' کے ​ساتویں ایوارڈز کی تقریب پانچ اکتوبر کو امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں سجے گی۔

اس تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان شوبز انڈسٹری کے فنکار ہیوسٹن پہنچ چکے ہیں۔

ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے فنکاروں میں ماہرہ خان، فواد خان، حمزہ علی عباسی، اقرا عزیز، یمنیٰ زیدی، یاسر حسین، بشریٰ انصاری، جاوید شیخ، مہوش حیات اور نعمان اعجاز کے علاوہ دیگر کئی فنکار شامل ہیں۔

پاکستانی فنکاروں کی ہیوسٹن آمد کا سلسلہ ستمبر کے آخری ہفتے سے جاری ہے اور یہاں شوبز انڈسٹری سے وابستہ 100 سے زائد دیگر افراد بھی پہنچ چکے ہیں۔

ہیوسٹن میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ اسی لیے مقامی لوگوں میں اس تقریب سے پہلے بڑا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

'ہم انٹر ٹینمنٹ' چینل نے اپنی نشریات کا باقاعدہ آغاز سال 2005 میں کیا تھا اور یہ 24 گھنٹے کی نشریات پر مشتمل ہے۔

وائس آف امریکہ کی نمائندہ سعدیہ زیب رانجھا اداکار علی سفینہ کے ساتھ


مذکورہ چینل کو پاکستان میں نمایاں مقبولیت حاصل ہے اور اس کی بانی سلطانہ صدیقی کے علاوہ ان کے صاحبزادے درید قریشی، مومل شنید اور بہو مومنہ درید چینل کے مختلف شعبہ جات کے سربراہ ہیں۔

ہم چینل نے 'ہم سفر' سمیت بے شمار سپر ہٹ ڈرامے پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کو دیے ہیں۔ جن میں سنو چندا، بڑی آپا، درِ شہوار، کتنی گرہیں باقی ہیں، نور پور کی رانی، میں عبدالقادر ہوں، مات، میرے قاتل میرے دلدار، میرا نصیب، زرد موسم اور دلِ مضطر شامل ہیں۔

اپنے ڈراموں اور عالمی سطح پر اُن کی پذیرائی دیکھتے ہوئے 'ہم چینل' نے 2013 میں ٹیلی ویژن، موسیقی اور فیشن کی دنیا میں نمایاں کردار ادا کرنے والے فنکاروں کو اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ کیا۔ اور اس مقصد کے لیے 'ہم ایوارڈز' کا سلسلہ شروع کیا۔

اس سلسلے کی پہلی تقریب 2013 میں کراچی میں منعقد ہوئی۔ جس کے بعد ہر سال نمایاں مقام پر 'ہم ایوارڈز' کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اب تک پاکستان سمیت دبئی اور کینیڈا میں بھی ایوارڈ شوز منعقد کیے جا چکے ہیں اور اس بار امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کا انتخاب کیا گیا ہے۔

گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی ایوارڈز کے لیے درجنوں کیٹیگریز منتخب کی گئی ہیں۔ جن میں بہترین اداکار اور اداکارہ، بہترین ڈرامہ سیریل، بہترین ہدایت کار، بہترین مصنفین، بہترین سپورٹنگ اداکار اور اداکارہ، بہترین منفی کردار میل اور فی میل اور بیسٹ آن لائن جوڑی شامل ہیں۔

اس بار جن ڈراموں کو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ان میں ڈر سی جاتی ہے صلہ، عشق تماشا، باندی، بیلا پور کی ڈائن اور تعبیر شامل ہیں۔

بہترین اداکار میل کیٹیگری میں نعمان اعجاز، منیب بٹ، جنید خان، شہزاد شیخ ، فرحان سعید اور عدنان صدیقی جبکہ بہترین فی میل اداکارہ کیٹیگری کے لیے یمنیٰ زیدی، اقرا عزیز، ایمن خان اور سارہ خان شامل ہیں۔

اداکارہ سارہ خان


'ہم نیٹ ورک' کی بانی سلطانہ صدیقی نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے اس تقریب کے لیے امریکی شہر ہیوسٹن کے انتخاب کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ یہاں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے اور اس سلسلے میں ہیوسٹن کے میئر نے بھی بہت تعاون کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ اتنا بڑا ایونٹ ہوتا ہے۔ جس کی تیاری پورا سال جاری رہتی ہے اور کئی مشکل مراحل سے گزر کر ہم یہاں تک پہنچتے ہیں۔

ایک سوال پر سلطانہ صدیقی نے بتایا کہ بہترین فنکار کا انتخاب مکمل طور پر ناظرین کی پسند نا پسند پر منحصر ہوتا ہے۔ اُن کے بقول، وہ اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ کہیں بھی جانبداری نا برتی گئی ہو۔ کیونکہ اُن کے لیے ناظرین کا اعتماد بہت معنی رکھتا ہے۔

ڈراموں کے موضوعات پر بات کرتے ہوئے سلطانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ ان کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ معاشرے میں موجود ہر طرح کے مسائل اور 'ٹیبوز' (وہ موضوعات جن پر بات نہیں کی جاتی) پر بات کی جائے اور کسی نا کسی تبدیلی کا پیش خیمہ بنا جائے۔