کیلی فورنیا: جنگل میں لگی آگ میں پھنسے درجنوں افراد ریسکیو

کیلی فورنیا کے 900 مقامات پر آگ بھڑک رہی ہے۔

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں کئی ہفتوں سے لگی آگ نے 145 مربع کلو میٹر کے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ متاثرہ علاقے میں سیر و تفریح کے لیے آنے والے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

کیلی فورنیا میں آگ سے نمٹنے کے محکمے کے مطابق اس وقت آگ بجھانے کے عملے کے 12 ہزار 500 اہلکار 22 مقامات پر بڑی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق شدید گرمی کے باوجود فائر فائٹرز نے دو مقامات پر بڑے پیمانے پر پھیلی آگ پر قابو پالیا ہے۔

ریاست میں اس وقت 900 مقامات پر آگ بھڑک رہی ہے جن میں سے بہت سی جگہوں پر آسمانی بجلی گرنے سے آگ بھڑکی۔

آگ کے باعث اب تک 15 لاکھ ایکڑ کا رقبہ جل کر خاکستر ہو گیا ہے جب کہ آٹھ افراد ہلاک اور 3300 عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں۔

شیور نامی جھیل کے نزدیک بھڑکتی ہوئی آگ نے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کی وجہ سے وہاں کے تالاب کے پاس سیاحوں کے کیمپ کی جگہ تک جانے والا راستہ اس کی لپیٹ میں ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق 'ایرا نیشنل فاریسٹ' کے مقام پر کیمپ گراؤنڈ کے ارد گرد تیزی سے پھیلتی ہوئی آگ میں درجنوں سیاح پھنس گئے تھے جنہیں نکالنے کے لیے آرمی کے ہیلی کاپٹرز نے آپریشن میں حصہ لیا۔

حکام کے مطابق اب تک 63 سیاحوں کو متاثرہ علاقے سے ریسکیو کیا گیا ہے جن میں 12 زخمی بھی شامل ہیں۔

ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم حتمی طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ کتنے افراد آگ کے گھیراؤ میں ہیں۔

محکمۂ پولیس کے مطابق سیر و تفریح کی غرض سے کیمپ گراؤنڈ آنے والے سیاحوں سے کہا گیا تھا کہ وہ محفوظ مقام پر پناہ لے لیں اور آگ بجھانے والے عملے اور پانی برساتے ہوئے جہازوں کا انتظار کریں تاکہ انہیں وہاں سے باحفاظت نکالا جا سکے۔

کیلی فورنیا میں اس وقت موسم گرما اپنے عروج پر ہے اور کئی مقامات پر درجہ حرارت 40 ڈگری کے قریب پہنچ گیا ہے۔ تیزی سے پھیلتی آگ نے تقریباً دو ہزار عمارتوں کو خطرناک صورتِ حال سے دو چار کر رکھا ہے۔