کراچی ...فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے راج اور سمرن نے عرصے تک لوگوں کے دلوں پر راج کیا۔ ناظرین نے شاہ رخ خان اور کاجول کی جوڑی کو سب سے زیادہ پسند کی جانے والی جوڑیوں میں سرفہرست بھی رکھا۔
اب سے کچھ عرصہ پہلے تک لوگ شاہ رخ خان اور کاجول کو سلور اسکرین پر دیکھنے کے لئے بے تاب نظر آتے تھے۔ لیکن، اب اس جوڑی کا جادو ماند پڑ رہا ہے۔ دونوں کی حالیہ فلم ’دل والے‘ باکس آفس پر کروڑوں کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی لیکن لوگوں کے دلوں میں جگہ نہ بنا سکی۔
’دل والے‘ کی ریلیز سے پہلے سب کو فلم کے سپرہٹ ہونے کا یقین تھا اور ایک عام خیال یہ تھا کہ شاہ رخ اور کاجول کی جوڑی باکس آفس پر فلم کی دھاک بٹھا دے گی۔ لیکن، نتیجہ اس کے الٹ نکلا۔
فلمی پنڈتوں کے خیال میں ’دل والے‘ کی ناکامی کی وجہ غالباً فلم کی ریلیز سے کچھ دن قبل شاہ رخ خان کا ایک متنازع بیان بنا۔اسی ناکامی نے ’دل والے‘ کو ’سال کی بدترین فلم‘ کا ’گولڈن کیلا ایوارڈ‘ دلا دیا۔گولڈن کیلا ایوارڈ سال کی بدترین فلم اور بدترین پرفارمنس دینے والے آرٹسٹس کو دیا جاتا ہے۔
فیشن آئیکون سونم کپور دنیا کی بہترین برانڈز کی ایمبسیڈر سہی لیکن بالی وڈ میں ان کے ستارے گردش میں ہی ہیں۔ سلمان خان کی فلم ’پریم رتن دھن پائیو‘ میں ان کی ہیروئن کا رول نبھانے والی سونم کپور پر کامیابی کا دروازہ نہ کھل سکا اور وہ سال کی ’بدترین اداکارہ‘ ٹھہریں۔
فلم ’پریم رتن دھن پائیو‘ کے ذریعے کئی سال بعد بالی وڈ میں دوبارہ اینٹری دینے والے سورج برجاٹیہ بدترین ڈائریکشن کے لئے گولڈن ایوارڈ کی حقدار قرار پائیں۔ برجاٹیہ کو ’بس کیجئے بہت ہوگیا ایوارڈ‘ بھی دیا گیا۔
بھارتی میڈیا میں خراب پرفارمنس پر ملنے والے ’گولڈن کیلا ایوارڈ‘ کی گونج سنائی دی۔ ڈی این اے، این ڈی ٹی وی اور باقی چینلز کے مطابق سال کا سب سے بیکار سیکوئل ’ایم ایس جی2‘ رہا۔
شاہد کپور اسٹاررفلم ’شاندار‘ کے ڈائریکٹر وکاس بہل کو ’باورا(پگلا) ہوگیا‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔ سورج پنچولی نے بھلے ہی سال کے بہترین ڈبیو ایوارڈز اپنے نام کئے ہوں لیکن ’گولڈن کیلا ایوارڈز‘ میں انہیں سال کے بدترین اداکارکی ٹرافی کا حقدار قرار دیا گیا۔
فلم ’پریم رتن دھن پائیو‘ کے ٹائٹل ٹریک کو سال کے بدترین گانے کا ایوارڈ دیا گیا۔ عمران خان کو ’وائے یو آر اسٹل ٹرائنگ‘ کا کیلا ایوارڈ ملا۔سنجے لیلا بھنسالی کی ’باجی راوٴمستانی‘ کو تاریخی ایکیوریسی کا ’منوج کمار ایوارڈ‘ دیا گیا۔