رسائی کے لنکس

شرمین عبید چنائے اس سال آسکر جیتنے والی واحد 'غیر سفید فام' خاتون


پاکستانی نژاد شرمین عبید چنائے وہ اکلوتی غیر سفید فام خاتون ہیں جنھوں نے اس سال اکیڈمی ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔

شرمین عبید چنائے وہ واحد پاکستانی ہیں جنھوں نے دو مرتبہ آسکر ایوارڈ جیتا ہے لیکن آپ کو یہ جان کر بھی خوشی ہو گی کہ وہ 88 ویں آسکر ایوارڈ کی اکلوتی غیر سفید فام خاتون ہیں جنھیں اس سال اکیڈمی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

اتوار کو جب آسکر ایوارڈ کی شاندار تقریب میں مختصر بہترین دستاویزی فلم کے لیے شرمین عبید چنائے کا نام پکارا گیا تو ہالی وڈ فلمی صنعت کے لیے یہ نام نیا نہیں تھا۔

سینتیس سالہ شرمین 2012ء میں اپنی دستاویزی فلم 'سیونگ فیس' کے لیے آسکر جیت چکی ہیں جس میں انھوں نے تیزاب سے حملوں کو موضوع بنایا تھا۔

اس سال انھوں نے اپنا دوسرا آسکر 'اے گرل ان دا ریور، دا پرائس فار فارگیونس' نامی دستاویزی فلم کے لیے حاصل کیا ہے جس میں انھوں نے غیرت کے نام پر قتل کے مسئلے پر روشنی ڈالی ہے۔

’فوربز‘ میگزین کے ایک مضمون کے مطابق شرمین عبید چنائے نے ہالی وڈ کے معتبر آسکر ایوارڈ کی دو بار فاتح ہونے کی حیثیت سے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شرمین تنوع کی کمی سے دوچار فلمی صنعت کی مٹھی بھر غیر سفید فام خاتون فلمسازوں میں سے ایک ہیں اور وہ اس سال آسکر ایوارڈ کی تقریب میں واحد غیر سفید فام خاتون تھیں جنھوں نے آسکر ایوارڈ جیتا ہے۔

یہ لگاتار دوسرا سال ہے جب آسکر ایوارڈ غیر سفید فام فنکاروں کی نامزدگیوں میں کمی کی وجہ سے متنازعہ بنے رہے ہیں۔

آسکر ایوارڈز کی تقریب سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹوں پر ہیش ٹیگ #oscarsowhite یعنی ’آسکر اتنا سفید ہے‘ کے ساتھ اس موضوع کا ذکر چلتا رہا ہے۔

اگرچہ اس سال ایوارڈ کی تقریب میں ماحولیاتی تبدیلی اور جنسی بدسلوکی سمیت تنوع کی کمی جیسے موضوعات کو شامل کیا گیا لیکن جب اسٹیج پر فاتحین کا اعلان کیا گیا تو صرف 16 فیصد آسکر جیتنے والے فنکار غیر سفید فام تھے۔

فلم اور ٹیلی وژن میں خواتین کے مطالعہ کے مرکز کی ایک رپورٹ کے مطابق ہالی وڈ کی ٹاپ 250 فلموں کے کامیاب فلمسازوں میں سے خواتین فلمساز صرف سات فیصد ہیں۔

اس طرح کی صورت حال میں پاکستانی نژاد شرمین عبید چنائے وہ اکلوتی غیر سفید فام خاتون ہیں جنھوں نے اکیڈمی ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔

مجموعی طور پر ان کے ساتھ پانچ غیر سفید فام فلمسازوں نے بھی آسکر حاصل کیا ہے جن میں دستاویزی فلم ’ایمی‘ کے ہدایتکار آصف کپاڈیا اور ہسپانوی ہدایتکار ایناریتو اور چند دوسرے فلمساز شامل ہیں۔

شرمین عبید چنائے 1978ء میں کراچی میں پیدا ہوئیں۔ انھوں نے کراچی میں گرامر اسکول سے تعلیم حاصل کی اور امریکہ کی اسٹین فورڈ یونیورسٹی میں ماس کمیونیکشن اور بین الاقوامی تعلقات کا مطالعہ کیا۔

انھوں نے آسکر کے علاوہ اپنی دستاویزی فلموں کے لیے دو مرتبہ 2010 اور 2013 میں ایمی ایوارڈ حاصل کیا ہے ۔

انھیں 2012 میں پاکستان کے ایک اعلی ترین سول اعزاز 'ہلال امتیاز ' سے نوازا گیا۔

XS
SM
MD
LG